بیوی کا تعلق باورچی خانے سے ہے، نائجیرین صدر

ممتاز سماجی کارکن عائشہ بخاری میرے طرز حکومت کی ناقد ہیں، آئندہ صدارتی انتخابات میں بخاری کی حمایت نہیں کریں گی، محمد بخاری

اتوار 16 اکتوبر 2016 11:31

برلن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16اکتوبر۔2016ء )نائجیریا کے صدر محمد بخاری کے مطابق ان کی بیوی کا تعلق باورچی خانے سے ہے۔ ان کی بیوی اور ممتاز سماجی کارکن عائشہ بخاری ان کی طرز حکومت ناقد ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ صدارتی انتخابات میں بخاری کی حمایت نہیں کریں گی۔برلن میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں جب نائجیریا کے صدر محمد بخاری سے یہ کہا گیا کہ ان کی اہلیہ ہی ان پر تنقید کر رہی ہیں اور ان کا تعلق کس جماعت سے ہے، تو اس پر محمد بخاری نے مسکراتے ہوئے کہا، ”مجھے یہ تو معلوم نہیں کہ میری بیوی کس جماعت سے تعلق رکھتی ہے، مگر وہ یقینا میرے گھر کے باورچی خانے، بیٹھک اور دوسرے کمرے سے تعلق ضرور رکھتی ہے۔

“ عائشہ بخاری نے اپنے شوہر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر فائز عہدیداروں کو جانتے تک نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان اعلیٰ عہدیداروں کا موقف اپنی ہی جماعت آل پروگیسیو پارٹی سے ہم آہنگ نہیں ہے، تاہم عائشہ بخاری نے ان عہدیداروں کے نام نہیں لیے۔محمد بخاری 1980ء کی دہائی میں ایک مختصر مدت کے لیے فوجی آمر رہے ہیں، تاہم سن 2015ء میں انہوں نے چوتھی مرتبہ صدارتی انتخابات میں حصہ لیا اور انہیں کامیابی ملی۔

اس انتخاب میں ان کا ساتھ ان کے سابقہ مخالفین اور سابق صدر گڈلک جوناتھن کے حواریوں نے بھی دیا تھا۔اپنے بیان میں محمد بخاری نے بھی کہا کہ انہیں امید ہے کہ ان کی اہلیہ کو معلوم ہو گا کہ وہ صدر منتخب ہونے سے قبل تین مرتبہ صدارتی دوڑ میں شریک ہوئے تھے اور چوتھی مرتبہ انہیں کامیابی ملی۔ ”اس لیے میرا دعویٰ ہے کہ میں ان (عائشہ بخاری) اور باقی اپوزیشن سے زیادہ علم رکھتا ہوں کیوں کہ بلآخر مجھے فتح ملی تھی۔ یہ آسان نہیں ہے کہ آپ نائجیریا کی تمام اپوزیشن جماعتوں کو خوش کر دیں۔“

متعلقہ عنوان :