ڈپٹی کمشنرز اور ڈی سی اوز نے آئل اینڈ گیس کمپنیوں سے وصول شدہ ر قم تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی پر خرچ کرنے سے معذرت کرلی، ڈی جی او جی ڈی سی ایل سعدا للہ شاہ

وزارت پٹرولیم کا بنکوں میں موجود اربوں روپے سماجی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرنے کے لئے ڈرافٹ تیار ،سینٹ قائمہ کمیٹی میں پیش کیاجائے گا،پی اے سی ذیلی کمیٹی کو بریفنگ سماجی بہبود کے منصوبوں پر رقم خرچ کرنے کیلئے جلد از جلد پالیسی بنائی جائے ،کمیٹی کی ہدایت

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 10:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء) ملک بھر میں ڈپٹی کمشنروں اور ڈی سی اوز نے تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں سے وصول کئے جانے والے 2ارب روپے سے زائد ر قم متعلقہ اضلاع میں تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر خرچ کرنے سے معذوری کا اظہار کیا ہے ،وزارت پٹرولیم نے بنکوں میں موجود اربوں روپے سماجی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرنے کے لئے ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جسے سینٹ کی قائمہ کمیٹی میں پیش کیاجائے گا۔

(جاری ہے)

پبلک اکاؤنٹس کی ذیلی کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سعدا للہ شاہ نے بتایاکہ ملک بھر میں تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں سے معاہدے کے تحت ان اضلاع میں تعلیم ،صحت ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈز فراہم کرے گی انہوں نے بتایاکہ اس مقصد کیلئے تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں سے 2ارب روپے سے زائد کی رقم جمع کرکے پاکستان کے چاروں صوبوں میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اور ڈی سی اوز کو بھجوا دی گئی مگر اضلاع کے افسران نے یہ رقم سماجی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کرنے سے انکار کر دیا ہے انہوں نے کہاکہ اب اس فنڈ کو خرچ کرنے کیلئے پالیسی ڈرافت تیار کیا گیا ہے جس کے تحت متعلقہ اضلاع کے ممبران قومی اسمبلی کی جانب سے پیش کئے جانے والے منصوبوں پر یہ رقم متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر یا ڈی سی اوز خرچ کریں گے انہوں نے بتایاکہ ملک بھر میں تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں سے اب تک 2آرب روپے سے زائد اکھٹے کئے گئے ہیں جبکہ ان کے ذمے 4آرب روپے سے زائد بقایا ہیں جس کی وصولی کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں انہوں نے بتایاکہ پہلے تمام کمپنیاں خود ہی علاقوں میں سماجی بہبود کے منصوبوں پر رقم خرچ کرتی تھی مگر ان پر اعتراضات آنے کے بعد پابندی لگا دی گئی اور گذشتہ کئی سالوں سے تمام رقم بنکوں میں پڑی ہوئی ہے انہوں نے بتایاکہ اس سلسلے میں وزارت نے ایک ڈرافت تیار کیا ہے جسے منظوری کیلئے قائمہ کمیٹی میں پیش کیا جائے گااس موقع پر پبلک اکاؤنٹس کی ذیلی کمیٹی کے کنوینرسید نوید قمر نے ہدایت کی کہ سماجی بہبود کے منصوبوں پر رقم خرچ کرنے کیلئے جلد از جلد پالیسی بنائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :