تحریک انصاف نے خواجہ آصف کی دھاندلی کیخلاف کیس کی جلد سماعت کیلئے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 10:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف نے این اے 110 سیالکوٹ میں خواجہ آصف کی دھاندلی کیخلاف کیس کی جلد سماعت کیلئے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے امیدوار عثمان ڈار کی جانب سے جلد سماعت کیلئے تحریری درخواست جمع کرا دی گئی ہے ،درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ این اے 110 سیالکوٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پوری ڈھٹائی سے دھاندلی کی دھاندلی سے الیکشن جیتنے کے بعد خواجہ آصف عدالت کا سامنا کرنے سے گھبرا رہے ہیں ۔

خواجہ آصف کی دھاندلی کی واضح داستان نادرا کئی ماہ قبل تحریری طور پر جمع کروا چکا ہے۔ عثمان ڈار نے کہا ہے کہ خواجہ آصف حیلے بہانوں سے عدالت آنے سے گریزاں ہیں۔ عدالت عظمٰی اور قوم کا وقت ضائع کرنے کی بجائے خواجہ آصف سچائی کا سامنا کریں۔ خواجہ آصف کو بھاگنے دیں گے نہ ہی انکی دھاندلی کو قوم کی آنکھوں سے اوجھل ہونے دیں گے ۔وہ ہمت و حمیت کا مظاہرہ کریں اور لیت و لعل کی بجائے عدالت کا سامنا کریں۔