سی پیک پر وزیر اعظم کے سوا کسی حکومتی وفد سے بات نہیں ہوگی،اسفندیارولی کا اعلان

ملک نازک دور سے گزررہا ہے اور دنیا میں تنہا رہ گیاہے، اندورنی اور بیرونی پالیسیوں پراثرنو نظرثانی کرنا ہوگی پرامن افغانستان کے بغیر پرامن پاکستان اور پرامن پاکستان کے بغیر پرامن افغانستان کا خوب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا فاٹا کے پختونوں کی تقسیم کے ہرفارمولے کی سختی سے مخالفت کریں گے،فاٹا خیبرپختونخوا کا حصہ ہے اور رہے گا،تبدیلی والوں نے پختونوں کو دھوکہ د یا، مستقبل باچہ خان کے خدائی خدمت گاروں کا ہے،جلسہ عام سے خطاب

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 10:31

نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندر یار ولی نے کہا ہے کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبہ پر عوامی نیشنل پارٹی مرکزی حکومت کے کسی بھی اعلیٰ سطحی وفد سے مذاکرات کا مکمل طورپر بائیکاٹ کرتی ہے،وزیراعظم نوازشریف کے علاوہ کسی سے بھی سی پیک پر بات چیت نہیں کی جائے گی ، پاکستان ایک نازک دور سے گزررہا ہے اور دنیا میں تنہا رہ گیاہے، اپنی اندورنی اور بیرونی پالیسیوں پراثرنو نظرثانی کرنا ہوگی،پرامن افغانستان کے بغیر پرامن پاکستان اور پرامن پاکستان کے بغیر پرامن افغانستان کا خوب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

فاٹا کے پختونوں کی تقسیم کے ہرفارمولے کی سختی سے مخالفت کریں گے ۔فاٹا خیبرپختونخوا کا حصہ ہے اور رہے گا،تبدیلی والوں نے پختونوں کو دھوکہ دیا،پرویزخٹک کسی کے اشاروں پر سیاسی پارٹیاں تبدیل کرنے کا چیمپئن ہے۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی پختونوں کو اکیلا اورتقسیم کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنادی گی ۔پختونوں کو تباہ کرنے کا کھیل ختم ہونا چاہئے،مستقبل باچہ خان کے خدائی خدمت گاروں کا ہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے قریب مانکی شریف میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین ،سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیرحیدر خان ہوتی ،عوامی نیشنل پارٹی ضلع نوشہرہ کے صدرملک جمعہ خان،ممتاز قانون دان اور خیبرپختونخوا بارکونسل کے ممبر شاھد ریاض برکی ایڈوکیٹ اور پی کے 13کے سابق امیدوار شاھد خٹک نے خطاب کیا۔

اسفند ر یار ولی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک نازک دور سے گزررہا اور دنیا میں تنہا رہ گیاہے جس کی بڑی مثال سارک کانفرنس کا التواء ہے۔پاکستان کو اپنی اندورنی اور بیرونی پالیسیوں پراثرنو نظرثانی کرنا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری بدقسمتی ہے کہ تلخیاں ختم کرنے کی بجائے مزید تلخیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ملک کی سرحدوں پر کشیدگی کی وجہ سے سی پیک پر عوامی نیشنل پارٹی نے اپنی احتجاجی تحریک کو ختم نہیں کیا بلکہ موخرکیاہے اور خیبرپختونخوا کی عوام کے ساتھ ظلم ناانصافی اور حق تلفی کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے تحریک جاری ہے اور جاری رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع دی گئی ہے کہ مرکزی حکومت کا ایک فلسفی وزیرہے جو کہ ممبران صوبائی اسمبلی کو سی پیک پر بریفنگ دے رہاہے ،میں اعلان کرنا چاہتا ہوں کہ عوامی نیشنل پارٹی مرکزی حکومت کے کسی بھی وفد سے بریفنگ میں شریک نہیں ہوگی اور ہر وفدکا مکمل بائیکاٹ کریگی ۔ہم سے بات کرنی ہے تو صرف وزیر اعظم میاں نوازشریف کریں جنہوں نے وعدہ کیاتھا۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا خیبرپختونخوا کے جسم کا ایک حصہ ہے اور رہے گا پختونوں کی تقسیم نہیں ہونے دئیں گئے۔ انہوں نے کہا کہ پرویزخٹک ،شیرپاو کے ٹکٹ پر صوبائی اسمبلی کا ممبربنااور کچھ عرصہ بعد زرداری کے ساتھ شامل ہوگیااور پھر دیکھے ہی دیکھتے وزیربنابھر کسی کے اشاروں پر تحریک انصاف میں شامل ہوگیا۔پرویزخٹک پارٹیاں تبدیلی کرنے کا چیمپئن ہے کسی کے اشاروں پر پارٹیاں تبدیل کرتاہے۔انہوں نے پیشنگوئی کی پرویزخٹک بھر کسی کے اشاروں پر پارٹی تبدیل کرنے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پختونوں کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گئے۔پختوں کے حقوق پر کسی کو سودا بازی نہیں کرنے دیں گے ۔