اسرائیل نے یونیسکو سے تعلقات منجمد کر دیے

یونیسکو پر الزام ہے کہ اس نے اسرائیل کے مقدس ترین مقامات کے ساتھ یہودیت کے تعلق کو رد کیا

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:10

مقبوضہ بیت المقدس ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء )اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے ثقافتی ادارے یونیسکو کے ساتھ یہ الزام لگا کر تعاون منجمد کر دیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے مقدس ترین مقامات کے ساتھ یہودیت کے تعلق کو رد کیا ہے۔اسرائیل کے وزیرِ تعلیم نے کہا کہ یونیسکو کا یروشلم کے بارے میں فیصلہ 'تاریخ کو مسترد کر کے دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

'یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب یونیسکو نے یروشلم کے ایک مقام کو بار بار صرف اسی نام سے یاد کیا ہے جس سے اسے مسلمان پکارتے ہیں۔ یہودی بھی اسے مقدس مانتے ہیں۔یروشلم کے اس مقام کو یہودی ٹیمپل ماوٴنٹ اور مسلمان حرم الشریف کہتے ہیں۔ سات عرب ملکوں کی جانب سے پیش کردہ فیصلے کے مسودے میں یروشلم اور مغربی کنارے میں اسرائیل کی سرگرمیوں پر تنقید کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس دستاویز میں 'یروشلم کے قدیم شہر اور اس کی فصیلوں کی تین توحیدی مذاہب کے لیے اہمیت' کا ذکر کرتے ہوئے پہاڑی کو صرف 'مسجد الاقصیٰ/حرم الشریف' کہا گیا ہے۔اسی جگہ پر یہودیوں کے معبد واقع ہیں اور مغربی دیوار اس سے ملحق ہے جسے یہودیوں کے ہاں مقدس مقام کی حیثیت حاصل ہے۔حرم الشریف وہ جگہ ہے جہاں مسلمانوں کے عقیدے کے مطابق پیغمبرِ اسلام نے معراج پر جانے سے قبل قیام کیا تھا۔

اس میں اسرائیلی اقدامات کی بار بار مذمت کی گئی ہے جن میں طاقت کا استعمال اور مسلمان عبادت گزاروں اور تاریخی آثار پر پابندیاں لگانا شامل ہیں۔اس مسودے کے حق میں 24 اور مخالفت میں چھ ووٹ پڑے تھے، جب کہ 26 ارکان نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا تھا۔اب اسے یونیسکو کی انتظامیہ کو پیش کر دیا جائے گا جو اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ آیا اسے منظور کیا جائے یا نہیں۔

اسرائیل کے وزیرِ تعلیم نفتالی بینیٹ نے کہا کہ یونیسکو 'یروشلم کے یہودیت کے ساتھ ہزاروں سال پر مبنی تعلق' کو نظر انداز کر کے 'اسلامی دہشت گردی' کو مدد دے رہا ہے۔اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نتن یاہو نے فیس بک پر لکھا کہ یونیسکو 'مہملیت کی نوٹنکی' بن کر رہ گیا ہے اور یہ اس کا ایک اور 'پاگلانہ فیصلہ' ہے۔'یہ کہنا کہ اسرائیل کا ٹیمپل ماوٴنٹ اور مغربی دیوار کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے، یہ کہنے کے مترادف ہے کہ چین کا دیوارِ چین سے کوئی تعلق نہیں یا پھر مصر کا اہرامِ مصر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔'فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نبیل ابو رضینہ نے کہا: 'یہ اسرائیل کے لیے اہم پیغام ہے کہ وہ اپنا قبضہ ختم کر کے یروشلم کو مسلمانوں کا دارالحکومت تسلیم کرے۔

متعلقہ عنوان :