شامی جنگ جیتنے کیلئے حلب پر مکمل قبضہ بہت ضروری ہے ، بشار الاسد

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:09

دمشق، ماسکو( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء )شام کے صدر بشار الاسد نے کہا ہے کہ حلب میں ان کی فتح سے یہ شہر ایک ایسا 'سپرنگ بورڈ بن جائے گا جہاں سے پورے ملک پر دوبارہ قبضہ کیا جا سکتا ہے۔ایک روسی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے شامی صدر نے کہا کہ اس کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے کہ اس علاقے کی 'صفائی جاری رکھی جائے' اور باغیوں کو 'واپس' ترکی دھکیل دیا جائے۔

شام اور اس کے اس کے اتحادی روس نے باغیوں کے زیرِ قبضہ شہر حلب پر حالیہ ہفتوں میں شدید بمباری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ بڑا شہر ہونے کے ناطے ایک سپرنگ بورڈ کا سا کام کرے گا اور یہاں سے دوسرے علاقوں تک جایا جا سکے گا، اور دوسرے علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کروایا جا سکے گا۔'انھوں نے کہا'اس علاقے کی صفائی جاری رکھی جائے گی اور دہشت گردوں کو ترکی واپس دھکیل دیا جائے گا، تاکہ وہ وہیں واپس چلے جائیں جہاں سے آئے ہیں، یا پھر انھیں قتل کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔'ترکی شامی حکومت کے خلاف لڑنے والی تنظیموں کا بڑا حامی ہے۔ اس کے علاوہ خلیجی ملک اور مغرب بھی ان کی حمایت کرتے ہیں۔اگست میں ترک فوجیں کرد باغیوں اور دولتِ اسلامیہ کے جنگجووٴں کو اپنی سرحد سے دور رکھنے کے لیے شامی سرحد کے اندر گھس آئی تھیں۔بشار الاسد نے ترکی کے اس اقدام کو 'بین الاقوامی قوانین، اخلاقیات، اور شامی خودمختاری کے خلاف دراندازی' قرار دیا۔

اسی دوران سفارتی میدان میں روس اور امریکہ اس اختتامِ ہفتہ شام میں جاری چھ سالہ جنگ ختم کرنے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے والے ہیں۔امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری اور روسی وزیرِ خارجہ سرگے لاوروف ہفتے کے روز ترکی، سعودی عرب اور قطر کے اپنے ہم منصبوں سے سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزین میں ملیں گے۔اس کے علاوہ کیری اتوار کے روز لندن میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔اس سے قبل امریکہ نے حلب پر فضائی حملوں کے بعد روس سے شام کے معاملے پر مذاکرات معطل کر دیے تھے۔

متعلقہ عنوان :