آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ، سرجیکل اسٹرائیک کا بھارتی دعویٰ مسترد

دعویٰ مقبوضہ کشمیر میں معصوم افراد کیخلاف بھارتی فوجی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے کسی بھی مہم جوئی یا غیر ذمہ دارانہ حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا ،کور کمانڈرز کا عزم قومی سلامتی سے متعلق خبر پر تشویش کا اظہار ،قومی سلامتی کی خلاف ورزی قرار پاک فوج مادر وطن کی کسی بھی قیمت میں دفاع کرے گی،آرمی چیف

ہفتہ 15 اکتوبر 2016 11:02

راولپنڈی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اکتوبر۔2016ء ) پاک فوج کے سربراہ راحیل شریف کی صدارت میں کورکمانڈرز کانفرنس میں بھارت کے سرجیکل اسٹرائیک کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی یا غیر ذمہ دارانہ حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ قومی سلامتی سے متعلق میڈیا میں جھوٹی اور من گھڑت خبر پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کور کمانڈرزکانفرنس ہوئی جس میں کورکمانڈرز اور پرنسل اسٹاف افسران نے شرکت کی، اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا او ر بالخصوص ایل او سی پر موجودہ صورتحال اور پاک فوج کی آپریشنل تیار یوں پر توجہ مرکوز رہی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں وزیراعظم ہاوٴس میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس کی غلط معلومات کو عام کرنے پر تشویش کااظہار کیا گیااور اس کو قومی سلامتی کی خلاف ورزی سے تعبیر کیا گیا۔کور کمانڈرز کانفرنس میں مزید کہا گیا کہ سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ مقبوضہ کشمیر میں معصوم افراد کے خلاف بھارتی فوج کے مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے اور بھارت سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کو عالمی رائے کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے ۔

کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ اگر کوئی غیر ذمہ دارانہ کوشش کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔چیف آف آرمی اسٹاف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج مادر وطن کی کسی بھی قیمت میں دفاع کرے گی ۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب آپریشن ضرب عضب کے باعث ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے ۔

آرمی چیف نے کہا کہ ہماری کامیابیوں کے ثمرات کو نقصان پہنچانے کی تمام تر جارحانہ کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے داخلی سیکورٹی کے حوالے سے پائیدار کوششیں درکار ہیں ۔ شرکاء نے ملک کے طول و عرض میں شروع کئے گئے پائیدار اور فوکس آپریشن کومبنگ اور انٹیلی جنس بنیادوں پر دیگر آپریشنز کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تاکہ ملک میں قومی لائحہ پروگرام پر عملدر آمد کرتے ہوئے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے اور انتہاپسندی اور دہشت گردی کی دیگر وجوہات کو حل کیا جاسکے ۔