وزیر اعلیٰ پنجاب کی اسلام آباد میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے ملاقات ، توانائی منصوبوں پر پیشرفت پر تبادلہ خیال

2017ء میں توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا،بجلی بھی سستی ہو گی:شہبازشریف وزیر اعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کی مثال نہیں ملتی وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پرعزم ہیں:وزیر اعلیٰ کی وفاقی وزیر پانی و بجلی سے گفتگو

جمعہ 14 اکتوبر 2016 10:45

اسلام آباد، لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اکتوبر۔2016ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں زرعی خوشحالی کیلئے پانی کے وسائل کو ترقی دی جا رہی ہے اور توانائی کے حصول میں اضافے کے منصوبوں پر بھی انتہائی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ فی ایکڑ پیداواربڑھانے کیلئے زیادہ سے زیادہ رقبہ زیر کاشت لایا جاسکے اور کاشتکاروں کو آبپاشی اور بجلی کی مطلوبہ ضروریات پوری ہوسکیں۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے یہ بات آج اسلام آباد میں وزارت پانی و بجلی میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف ، چیئرمین واپڈا اور دیگر اعلی حکام کے ایک اجلاس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب میں پانی کے ذخائر کی تعمیر کے علاوہ متبادل توانائی کے حصول کے منصوبے تیز رفتار ی سے مکمل کئے جا رہے ہیں جن کی تکمیل سے آئندہ دو برس میں بجلی کی پیداوار میں خاطرخواہ اضافہ ہو گا اور کاشتکاروں کو پانی اور بجلی کے حصول میں مشکلات درپیش نہیں ہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے جتنے مخلصانہ اور سنجیدہ اقدامات تین برس میں کئے گئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی اور پنجاب سمیت ملک بھر میں توانائی منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت 36 ارب ڈالر تو انائی سیکٹر کے منصوبوں کیلئے ہیں اور پنجاب میں سی پیک کے تحت متعدد منصوبوں پر دن رات کام ہو رہا ہے۔

چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت کوئلے ، سولر، ونڈاور ہائیڈل پاور کے منصوبے ملک بھر میں لگائے جا رہے ہیں جبکہ کمیونیکیشن، ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر کے منصوبے بھی لگ رہے ہیں۔ سی پیک کے تحت معاہدوں پر دستخطوں کے بعد تیز رفتاری سے منصوبوں پر عملدرآمد کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں 1320 میگا واٹ کول پاور پراجیکٹ اگلے سال کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔

اسی طرح پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600 میگا واٹ بجلی کے کارخانوں کے منصوبوں کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ سی پیک کے تحت چین کی توانائی کے منصوبوں میں 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے بجلی کی کمی کا مسئلہ حل ہو گا۔ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں منصوبے شفاف طریقے سے آگے بڑھائے جا رہے ہیں اور وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔

بجلی کے منصوبوں کی تکمیل سے لوڈ شیڈنگ کاخاتمہ ہوگا اور بجلی سستی بھی ملے گی اور اگلے برس کے آخر تک متعدد توانائی منصوبوں کی تکمیل سے مزید ہزار وں میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو چکی ہو گی۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے اس موقع پرصوبائی حکومت کے ترقیاتی پروگراموں اور توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے جاری میگا پراجیکٹس کو سراہتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے بجلی کی قومی پیداوار میں اضافہ کرکے صنعتی اور زرعی شعبے کی ضروریات پوری کی جائیں گی ۔ اجلاس میں توانائی سے متعلق منصوبوں پرپیش رفت کے بارے میں بھی بات چیت ہوئی