اسلام آباد، الیکشن کمیشن کا انتخابی فہرستوں پر نظرثانی اور نئے ووٹروں کے اندراج کا دوسرا مرحلہ ختم ہوگیا

نئے ووٹروں کے اندراج کا عمل سندھ ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جاری رہے گا،الیکشن کمیشن

منگل 11 اکتوبر 2016 10:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11اکتوبر۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام نے واضح کیا ہے انتخابی فہرستوں پر نظرثانی اور نئے ووٹروں کے اندراج کے حوالے سے دوسرا مرحلہ ختم ہوگیا ہے تاہم فہرستوں میں نئے ووٹروں کی اندراج کا عمل سندھ ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جاری رہے گا،فہرستوں کی نظرثانی کے حوالے سے موجودہ مہم نادرا کے ساتھ کئے گئے معاہدے کے تحت جاری تھا جس کیلئے باقاعدہ ڈسپلے سنٹرز بنائے گئے تھے موجودہ مہم کو توسیع دینا ممکن نہیں ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے جانے والی وضاحتی بیان کے مطابق انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے حوالے سے جاری مہم ختم ہوگئی ہے اور اس میں مزید توسیع ممکن نہیں ہے کیونکہ یہ مہم نادرہ کے تعاون سے شروع کی گئی تھی اور ملک بھر میں نئے ووٹروں کے اندراج اور فوت شدہ افراد کے ووٹ حذف کرنے کے سلسلے میں باقاعدہ طور پر ڈسپلے سنٹرز بنائے گئے تھے بیان میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نئے درج کئے جانے والے 48لاکھ ووٹروں کے حوالے سے اپناکام مکمل کر لیا ہے تاہم سندھ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں نئے ووٹرز کے اندراج کا سلسلہ بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گا جبکہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کی وجہ سے تاحال نئے ووٹروں کے اندراج کا سلسلہ بند ہے الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ نئے ووٹرز اپنے اندراج کیلئے الیکشن کمیشن کے دفاتر میں مجوزہ فارم پر کرکے اپنے ووٹ کا اندراج کر سکتے ہیں اس پر کسی قسم کی پابندی یا قدغن نہیں لگائی گئی ہے بیان میں بتایا گیا ہے کہ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کی موجودہ مہم ایک مقررہ وقت کیلئے تھی اور اس کیلئے باقاعدہ بجٹ مختص کیا گیا تھا جس کی مزید توسیع ممکن نہیں ہے ۔