نبیل گبول کا موٹرسائیکل میں سوارہوکر پرانے حلقہ انتخاب لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ ،علاقہ عمائدین سمیت لوگوں سے ملاقات

لیاری گینگ وار کے بھٹکے ہوئے نوجوانوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے وہ خود کو پولیس کے حوالے کردیں،خطاب

پیر 10 اکتوبر 2016 10:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2016ء) سیاسی رہنما نبیل گبول نے موٹرسائیکل میں سوارہوکر اپنے پرانے حلقہ انتخاب لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔تفصیلات کے مطابق سابق رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے موٹر سائیکل پر سوار ہوکر بغیر پروٹوکول کے لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور علاقہ عمائدین سمیت لوگوں سے ملاقات کی۔اپنے مختصرخطاب میں لیاری سے منتخب ہونے والے نبیل گبول نے کہا ہے کہ لیاری گینگ وار کے بھٹکے ہوئے نوجوانوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے ایسے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ خود کو پولیس کے حوالے کردیں۔

اس موقع پرانہوں نے لیاری میں قیام امن میں رینجرز کے کردار کو سراہتے ہو ئے اعلان کیا کہ غلط ہاتھوں میں استعمال ہونے والے لیاری کے معصوم اورغریب بچوں کو قانونی معاونت مہیا کرکے معاشرے کا صحت مند شہری بنائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کچھ روز قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیرمین بے نظیر بھٹو کی دونوں صاحبزادیوں بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو نے لیاری کا دورہ کیا تھا اور منتخب ممبران اسمبلی کے ہمراہ لوگوں میں گھل مل گئیں تھیں۔

واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے سیاست شروع کرنے والے سردارنبیل بلوچ لیاری کے رہائشی اور اسی حلقے سے 1996 میں صوبائی اسمبلی کے ممبر منتخب ہو کر ڈپٹی اسپیکر سندھ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔بعد ازاں وہ اسی حلقے سے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے اور ڈیفنس میں رہائش اختیار کی تا ہم سابق صدر آصف علی زرداری سے اختلاف کے اور ٹکٹ نہ ملنے کے باعث 2013 میں پیپلز پارٹی سے علیحدگی اختیار کرکے متحدہ قومی موومنٹ میں شرکت کی اور عزیز آباد سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔محض دو سال بعد ہی متحدہ قومی موومنٹ سے بھی علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے اپنی نشست سے مستعفیٰ ہو گئے تھے۔