30اکتوبر کو اسلام آباد جام کرنے کا منصوبہ مکمل ناکام ہو گا، رانا ثناء اللہ

غیر ملکی طاقتیں اور پی ٹی آئی پاکستان کے عوام کی ترقی دیکھنا نہیں چاہتی اس لئے وہ آئے روز کوئی نہ کوئی سازش تیار کر کے ملک میں انارکی پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ماضی کی طرح اب بھی لندن منصوبہ ناکام ہوگا پنجاب بھر میں محرم الحرام کی نویں اور دسویں تاریخ کو اے کیٹگیری کے جلوسوں میں ہائی الرٹ ہو گا، صوبائی وزیر قانون کی میڈیا سے بات چیت

پیر 10 اکتوبر 2016 10:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2016ء)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے30اکتوبر کو اسلام آباد جام کرنے کا منصوبہ مکمل طور پر ناکام ہو گا،غیر ملکی طاقتیں اور پی ٹی آئی پاکستان کے عوام کی ترقی دیکھنا نہیں چاہتی۔ اس لئے وہ آئے روز کوئی نہ کوئی سازش تیار کر کے ملک میں انارکی پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے یہ بات محرم الحرام کے سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور طاہر االقادری کی طرف سے2014 میں بھی لندن پلان بنایا گیا تھا جس میں غیر ملکی طاقتیں بھی ملوث تھیں اور ان سب کا مقصد پاکستان کی ترقی اور چین کی مدد سے سی پیک کے منصوبہ کو روکنے کے لئے اسلام آباد میں دھرنا اور سرکاری اداروں پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس پر انہیں منہ کی کھانی پڑی انہوں نے کہا اب بھی لند ن پلان بنایا جارہا ہے جو ناکام ہوگا، عمران خان کی جماعت مکمل طور پر ناکام ہو گی۔

(جاری ہے)

کیونکہ عوام ان کی چالوں سے مکمل واقف ہیں اور وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی دیکھنا چاہتے ہیں اس لئے پاکستان کے غیور عوام اسلام آباد پر قبضہ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے پاس عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی منصوبہ نہ ہے اور خیبر پختونخواہ میں بھی ان کی حکومت ناکام ہو چکی ہے اور اب صرف بھڑکیں مارکر عمران خان اپنے اپ کو نمایاں رکھنا چاہتے ہیں لیکن اس طرح کوئی عوامی لیڈر نہیں بنتا انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اصلیت اب عوام کے سامنے عیاں ہے اور اس میں شیخ رشید جیسے لوگ جو اپنے انتقام کی خاطر اس کو بھڑکاتے ہیں ان سب کو 2018ء کے انتخابات میں پتہ چل جائے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کی نویں اور دسویں تاریخ کو اے کیٹگیری کے جلوسوں میں ہائی الرٹ ہو گا اور اس سلسلہ میں صوبہ بھر کی انتظامہ مختلف سرکاری ایجنسیوں کے درمیان مکمل تعاون ہے۔ بعض بڑے شہروں میں مسلح افواج کے دستے پولیس کے ساتھ موجود ہوں گے انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران سینکڑوں مشتبہ افراد کو پنجاب بھر سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔