”پنجاب سپیڈ“ کی اصطلاح چین سے ہوتی ہوئی افریقہ تک پہنچ گئی

افریقہ میں ریلوے کے شعبے میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام نے آپ کا نام لیکر ”پنجاب سپیڈ “کا ذکر کیا چینی کمپنیوں نے بتایا کہ شہباز شریف رفتار ، معیار اور شفافیت کا دوسرا نام ہے:وزیر مملکت برائے خارجہ و بین الاقوامی امور چینی کمپنیوں نے جس” پنجاب سپیڈ “ کامجھے بتایا، میں نے اس کا پنجاب میں اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کیا ہے :اوکیلوہنری اوریم

پیر 10 اکتوبر 2016 10:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یوگنڈا کے وزیر مملکت برائے خارجہ و بین الاقوامی اموراوکیلوہنری اوریم(Mr.

(جاری ہے)

Okello Henry Oryem) نے ملاقات کی-یوگنڈا کے وزیر مملکت برائے خارجہ و بین الاقوامی امور نے صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے برق رفتاری سے منصوبے مکمل کرنے پر وزیر اعلی شہباز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا-یوگنڈا کے وزیر مملکت برائے خارجہ و بین الاقوامی امور نے اس موقع پر وزیر اعلی شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افریقہ میں ریلوے کے شعبے میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے اعلی حکام نے بھی آپ کا نام لیکر ”پنجاب سپیڈ “کا ذکر کیااورچینی کمپنیوں کے حکام نے بتایا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب کے وزیر اعلی محمد شہباز شریف رفتار ، معیار اور شفافیت کا دوسرا نام ہیں- یہ چینی کمپنیاں افریقہ کے ملکوں یوگنڈا اور کینیا میں ریلوے نظام کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہیں - انہوں نے کہا کہ بلا شبہ چینی کمپنیوں کے حکام نے جس” پنجاب سپیڈ “کا ذکر افریقہ میں کیا اسے میں نے پنجاب کے دورے کے دوران اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے اور مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے کہ جس ”پنجاب سپیڈ“ کے بارے میں سنا تھا اس کا مشاہدہ بھی کر لیا ہے - پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کے لئے آپ کا ویژن زبردست اور رفتار غیرمعمولی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ”پنجاب سپیڈ“ کی اصطلاح چین سے ہوتی ہوئی افریقہ تک پہنچ گئی ہے اور یہ آپ کی غیر معمولی کارکردگی کا ایک منہ بولتا ثبوت ہے کہ افریقہ میں کام کرنے والی چینی کمپنیاں بھی پاکستان میں تیز رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے آپ کے نام کا انتہائی عزت و احترام سے ذکرکرتی ہیں - انہوں نے کہا کہ پنجاب نے مختلف میدانوں میں بے پناہ ترقی کی ہے اور ہم زراعت ، تعلیم اور اربن ڈویلپمنٹ وپلاننگ کے شعبوں میں پنجاب حکومت کا تعاون چاہتے ہیں داور پنجاب کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں - وزیر مملکت برائے خارجہ و بین الاقوامی امور یوگنڈا کی جانب سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو یوگنڈا کے دورے کی دعوت بھی دی گئی-اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کہ یوگنڈا کو زراعت ، تعلیم اور اربن ڈویلپمنٹ و پلاننگ کے شعبوں میں تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں - زراعت کی ترقی ، تعلیم کے فروغ اور اربن پلاننگ کے شعبوں میں پنجاب حکومت نے کئی انقلابی اقدامات کئے ہیں -انہوں نے کہا کہ ہمیں ان شعبوں میں یوگنڈا کی معاونت کر کے خوشی ہو گی -پاکستان کیلئے یوگنڈا کے سفیر ڈاکٹرایم کسولیDr.M.Kisule) ) صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیئرمین وزیر اعلی ٹاسک فورس برائے اطلاعات و ثقافت محمد مالک، پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ہارون شوکت، سیکرٹری زراعت اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-