وزیراعظم کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) کی مجلس عاملہ کا اجلاس آج ہو گا،

وزیراعظم سیاسی صورت حال ، پاک بھارت کشیدگی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے حوالے سے کئے جانے والے فیصلوں کے بارے میں مجلس عاملہ کو اعتماد میں لیں گے اجلاس میں حکومتی فیصلوں ، خالی عہدوں پر نامزدگیوں کی منظوری لی جائے گی

پیر 10 اکتوبر 2016 10:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10اکتوبر۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ(ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج پیر ہو گا ۔ جس میں وزیر اعظم نواز شریف جو مسلم لیگ(ن) کے صدر بھی ہیں ملک کی سیاسی صورت حال بالخصوص پاک بھارت کشیدگی ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے حوالے سے کئے جانے والے فیصلوں کے بارے میں مجلس عاملہ کو اعتماد میں لیں گے وزیر اعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج( پیر) کو اسلام آباد میں ہو گا جسکی صدارت وزیر اعظم نواز شریف کریں گے یاد رہے مسلم لیگ ن کی مرکزی عاملہ کا آج ہونے والا اجلا س تین سال کے عرصے کے بعد ہو رہا ہے اس سے قبل حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کا آخری اجلاس مارچ 2013 میں ہوا تھا وزیر اعظم نوز شریف مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان سے ساڑھے تین سال بعد ملاقات کریں گے ، مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے حوالے سے حکومتی فیصلوں بارے ممبران کو اعتماد میں لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ انتخابات کے لئے پارٹی کو متحرک ، منظم اور فعال بنانا ہے مارچ 2013 میں رائیونڈ میں ہونے والے اجلاس میں پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے متوقع امیدواروں کے بارے میں تجاویز لی گئیں تھیں اقتدار میں آنے کے بعد مجلس عاملہ کا ایک بھی اجلاس نہیں بلایا گیا حالانکہ پارٹی کے آئین میں درج ہے کہ پارٹی صدر ہر اہم فیصلے کی توثیق یا منظوری مرکزی مجلس عاملہ سے لیں گے مرکزی مجلس عاملہ کے 189 ارکان ہیں جن میں صوبائی صدور ، گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر کے صدر بلحاظ عہدہ (ن) لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان ہیں دیگر نمایاں ارکان میں ہر صوبے سے پارٹی کا سینئر نائب صدر ، جنرل سیکرٹری ، شعبہ خواتین ، یوتھ ونگ ، لیبر ونگ ، وکلاء ونگ کے صدور بھی بلحاظ عہدہ مجلس عاملہ میں شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) اسلام آباد کے صدر ، جنرل سیکرٹری بھی مجلس عاملہ کے ارکان ہیں علاوہ ازیں اسلام آباد کے میئر ، چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز کو بھی وزیر اعظم نے جلاوطنی کے دوران مجلس عاملہ کا رکن نامزد کیا تھا اجلاس میں مرکزی جنرل سیکرٹری سمیت دیگر خالی عہدوں پر نامزدگیوں کی منظوری لی جائے گی ۔