شہباز شریف کی دھرنا دینے والے عناصر پر تنقید

بلاسود قرضوں کیلئے رقم 100 ارب روپے کرنے کے اعلان پر کاشتکاروں کی بھرپور تالیاں بینکرز نے ہاتھ اٹھا کرقرضوں کیلئے رقم 100 ارب کرنے کے حوالے سے وزیر اعلی کے فیصلے کی تائید کی

اتوار 9 اکتوبر 2016 13:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2016ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے چھوٹے کاشتکاروں کے لئے بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے بینکوں اورمالیاتی اداروں کے ساتھ معاہدے کی تقریب کے دوران دھرنا دینے والے عناصر پر تنقید کی اورکہا کہ مال روڈ پر جو دھرنے دیتے تھے، اب انہیں بلا سود قرضوں کی فراہمی کے پروگرام کے اعلان کے بعد آپس میں گلے مل کر ایک دوسرے کو ہار پہنانے چاہیئں اور مٹھائی بانٹنی چاہیے کیونکہ پنجاب حکومت نے چھوٹے کسان کو ریلیف دینے کیلئے پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے بلا سود قرضوں کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے جو اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد پروگرام ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ یہ دھرنے والے اب ان دھرنوں کو بھی بند کروائیں جو پاکستان کا دھڑن تختہ کرنا چاہتے ہیں - وزیر اعلی نے قرض معاف کرانے پر اشرافیہ کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں ہمیشہ بڑے لوگوں نے ہی قرضے معاف کرائے ہیں جبکہ غریب تو ایسا سوچ بھی نہیں سکتا لہذا مجھے پورا یقین ہے کہ اس پروگرام میں ریکوری کی شرح 100 فیصد ہو گی - وزیر اعلی نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کو 77 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کرنے کا پروگرام بنایا گیالیکن اس تقریب میں محکمہ زراعت کے اعلی حکام اور بینکرز بھی بیٹھے ہیں - میں اس پروگرام کو 100 ارب روپے کرنے کا اعلان کررہا ہوں اور اس پروگرام میں 23 ارب روپے کے اضافے سے لاکھوں مزید چھوٹے کاشتکار فائدہ اٹھائیں گے - وزیر اعلی نے بینکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہاتھ اٹھا کر بتائیں کہ 23 ارب روپے اس پروگرام کیلئے مزید دیں گے جس پر بینکرز نے ہاتھ اٹھا کر وزیر اعلی کے فیصلے کی تائید کی - وزیراعلی نے کہا کہ 23 ارب روپے کے مارک اپ کا اضافی بوجھ پنجاب حکومت برداشت کرے گی- وزیراعلی نے جب بلا سود قرضوں کی فراہمی کیلئے رقم بڑھا کر 100 ارب روپے کرنے کا اعلان کیا تو ہال میں موجود کاشتکاروں کے نمائندوں نے بھرپور تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا-

متعلقہ عنوان :