بی آئی ایس پی نے مستحقین میں رقم کی ادائیگی کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کے نظام کا آغاز کردیا

بائیومیڑک تصدیق سے ادائیگی کے ذریعے مڈل مین کلچر کا خاتمہ، شفافیت میں مزید اضافہ ہوگا،ماروی میمن بی آئی ایس پی نے آغاز سے لے کر اب تک شفافیت اور خدمات کی موثر فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ادائیگی کے طریقہ کار میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے، بٹگرام میں بائیومیٹرک تصدیق کے نظام کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

اتوار 9 اکتوبر 2016 13:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9اکتوبر۔2016ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن نے کہا ہے کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) نے اپنے آغاز سے لے کر اب تک شفافیت اور خدمات کی موثر فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے ادائیگی کے طریقہ کار میں نمایاں بہتری پیدا کی ہے۔ بائیومیڑک تصدیق کے نظام سے ادائیگی کے ذریعے مڈل مین کلچر کا خاتمہ ہوگا جس کے باعث شفافیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن نے بٹگرام میں مستحقین میں رقم کی ادائیگی کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کے نظام کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بی آئی ایس پی مستحقین، بی آئی ایس پی حکام، مقامی سیاست دان ، معززین علاقہ اور میڈیا بھی موجود تھا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بٹگرام میں موبائل فون بینکنگ کے ذریعے ادائیگیاں کی جاتیں تھی۔

اب بی آئی ایس پی نے بٹگرام میں رقم نکلوانے کیلئے بائیومیڑک پر مبنی نظام کورائج کردیا ہے۔ بائیومیٹرک تصدیق کے نظام (BVS)میں مستحق خاتون اپنا شناختی کارڈ POS(پوائنٹ آف سیل) یا بی آئی ایس پی کے شراکتی بینک کی فرینچائز کو دے گی اور رقم نکالنے کیلئے اپنا انگوٹھا لاگئے گی۔اس عمل کے بعد مستحق خاتون کو ایک رسید موصول ہوگی جس پر نکالوائی گئی رقم اور موجودہ بیلنس کا ریکارڈ درج ہوگا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ BVSایک آسان ترین اور صارف دوستانہ ادائیگی کا نظام ہے جو دیگر ادائیگی کے طریقہ کاروں کی نسبت زیادہ محفوظ ہے۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے خواتین کے مالی نظام میں شمولیت کے وژن کے مطابق مستحق خاتون کا وظیفہ وصول کرنے کیلئے لازمی موجود ہونا اسے حقیقی معنوں میں بااختیار بنائے گا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے مزید کہا کہ جن اضلاع میں BVSلاگو کیا جارہا ہے وہاں نومبر میں مستحقین کو رابطہ کیلئے مفت SIMSفراہم کی جائیں گی۔

جونہی مستحقین کے اکاؤنٹس میں وظیفہ کی رقم آئے گی یا انکے اکاؤنٹس سے رقم نکالی جائے گی انہیں بینک کی جانب سے پیغام وصول ہوگا۔ اس طرح مستحقین کو بی آئی ایس پی کی جانب سے موصول ہونے والی مکمل رقم معلوم کرنے میں مدد ملے گی۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے یہ بھی کہا کہ انہیں بٹگرام میں پاکستان مسلم لیگ ن، جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے سیاست دانوں نے خوش آمدید کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام سیاست دانوں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا ہے کہ بی آئی ایس پی نے مستحقین کی آسانی اور فائدے کیلئے ادائیگی کے نظام کو اپ گریڈ کیا ہے سال 2008میں جب بی آئی ایس پی کا آغاز ہوا اس وقت پاکستا ن پوسٹ کے ذریعے ادائیگیاں کی جاتیں تھی۔آہستہ آہستہ ادائیگی کے نظام کو سمارٹ کارڈز، موبائل فون بینکنگ اور ڈیبٹ کارڈز پر منتقل کیا گیا۔

اس وقت 90%مستحقین ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے، 1%موبائل فون بینکنگ سے ، 3%مستحقین بائیومٹرک نظام سے اور 6%مستحقین ابھی بھی پاکستان پوسٹ کے ذریعے اپنے وضائف وصول کررہی ہیں۔ بی آئی ایس پی تمام ادائیگیوں کے نظام کو BVSپر منتقل کرنے کے عمل میں ہے۔ بٹگرام ان علاقوں میں سے ایک ہے جہان 8اکتوبر 2005میں زلزلے نے تباہی مچائی تھی اوراس سانحہ کے 11ویں سال آج چیئرپرسن بی آئی ایس پی یہاں موجود تھیں، انہوں نے بٹگرام کے ان خاندانوں کیساتھ یکجہتی اور ہمدری کا اظہار کیا جنہوں نے اس سانحہ میں جانی و مالی نقصان اٹھایا تھا۔

متعلقہ عنوان :