وزیراعلیٰ خیبرپختونخو ا کی سوات موٹر وے سمیت انرجی اینڈ پاوراور معدنی ترقی کے شعبوں میں متعد د سکیموں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت

سوات موٹروے میں آپریشنل کام میں تیز ی سمیت معدنی ترقی اور پن بجلی کے منصوبوں کے بارے میں متعدد فیصلے

بدھ 5 اکتوبر 2016 10:08

اسلام آباد، پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5اکتوبر۔2016ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اپرویز خٹک نے وزیراعلیٰ ہاؤس اسلام آباد میں سوات موٹر وے سمیت انرجی اینڈ پاوراور معدنی ترقی کے شعبوں میں متعد د سکیموں سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں فرنٹیر ورکس آرگنائزیشن کے ڈی جی میجر جنرل محمد افضل، انتظامی سیکرٹریوں اور صوبائی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شر کت کی۔

اجلاس میں سوات موٹروے میں آپریشنل کام میں تیز ی لانے سمیت معدنی ترقی اور پن بجلی کے منصوبوں کے بارے میں متعدد فیصلے کئے گئے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی کمیٹی کا فوری اجلاس بلا کر پراجیکٹ کو حتمی منظوری دی جائے تاکہ عوامی فلاح کے منصوبوں پر سرعت اور برق رفتاری کے ساتھ کام کو آگے بڑھایا جا سکے انہوں نے کہاکہ سوات موٹر وے کے حوالے سے دیگر اس نوعیت کے منصوبوں کو سامنے رکھ کر آگے بڑھاجائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سوات موٹروے پر ایف ڈبلیو او کی طرف سے مشینری کو موبلائز کرنے اور عملی اقدامات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ڈی جی ایف ڈبلیو او نے اُصولی طور پر پراجیکٹ کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے شرکاء سے کہاکہ وہ اپنے محکموں کے ایسے پراجیکٹ جو ایف ڈبلیو او کے ذریعے مکمل کرنے ہیں کو حتمی شکل دیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوات موٹروے صوبائی حکومت کا منصوبہ ہے جو 81کلومیٹر طویل اور دو کلومیٹر ٹنل پر مشتمل ہے جس کا انہو ں نے افتتاح کیا تھا ۔

وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی ہر انٹرچینج پر تجارتی سرگرمیوں کیلئے متعلقہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے پانچ سوکینال تک اراضی حاصل کی جائے۔ انہوں نے منصوبے کی توسیع کے حوالے سے ہدایت کی کہ مستقبل میں یہ معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گی جس کے لئے اضافی اراضی کا حصول ضروری ہے ۔ اس منصوبے کا ڈیزائن اس طرح مرتب کیا جائے کہ انٹرچینجز پر خوبصورتی کے لئے اسے سرسبز و شاداب بنانے سمیت پودے بھی اُگائے جائیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف صنعت و تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ صوبے کے تمام شمالی علاقہ جات کا دروازہ ملک کے دیگر حصوں کے لئے کھل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے ایم ون اور سوات ایکسپریس وے کے میلاپ سے یہ خطہ مستقبل کا تجارتی مرکز بن جائے گا جس سے وافر ذرائع آمدن اور بے روزگار افراد کو روزگار مہیا ہو سکے گا ۔

متعلقہ عنوان :