کراچی،زرداری مخالف سیاسی رہنما وٴں میں رابطے تیز، فاطمہ بھٹو کے سیاست میں سرگرم ہونے کا خدشہ

سابق صدرکا صنم بھٹو کوپیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم پرایک بارپھرمتحرک کرنے کا فیصلہ بلاول اور انکی بہنوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں پھوپھی فریال سے لیکر دوبارہ خالہ صنم بھٹو کے حوالے کردی گئی

پیر 3 اکتوبر 2016 10:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اکتوبر۔2016ء ) آصف زرداری مخالف سیاسی رہنما وٴں میں رابطے تیز اور فاطمہ بھٹو کے سیاست میں سرگرم ہونے کے خدشہ کے پیش نظرسابق صدرآصف علی زرداری نے بلاول کی خالہ صنم بھٹو کوپیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم پرایک بارپھرمتحرک کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، صنم بھٹو کودورہ لیاری کے بعد اتوارکومخدوم ہاوٴس کا دورہ کرایا گیا،بے نظیربھٹو شہید کے بچوں بلاول بھٹوزرداری اوردیگرکی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں پھوپھی فریال سے لیکر دوبارہ خالہ صنم بھٹو کے حوالے کردی گئی ہیں۔

ملکی سیاست میں مفاہمت کے جادوگر اور سندھ کارڈ کی سیاست کے بازیگر پیپلزپارٹی کے سابق صدرآصف علی زرداری نے بھٹو خاندان کے یکجا ہونے میں ناکامی اوربھٹو خاندان کے ایک دھڑے باالخصوص زرداری مخالف سیاستدانوں اورسیاسی حلقوں کی جانب سے فاطمہ بھٹو اورشاہنوازبھٹوکی صاحبزادی سسی بھٹو کو ملکی سیاست میں ان کرنے کی اطلاعات کے بعد خاندانی فیصلوں میں ایک بارپھربڑی تبدیلی کی ہے اوربے نظیربھٹو کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری اوران کی بہنوں آصفہ اوربختاورکی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں پھوپھی فریال تالپورسے واپس لے لی گئی ہیں اوردوبارہ یہ ذمہ داریاں کچھ عرصہ کے لیے بے نظیرکی بہن صنم بھٹو کے حوالے کردی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

زرداری مخالف سیاستدانوں کا اہم ترین اجلاس گذشتہ دنوں نوابشاہ میں ذوالفقارعلی بھٹو کی ایک وفادار کورائی فیملی کے گھرپرمنعقد ہوا جس میں پیپلزپارٹی شہید بھٹو کے علاوہ سول سوسائٹی اورمختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں ناہید خان اورصفدرعباسی کوبھی خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی۔ نوابشاہ میں ہونے والے اہم ترین اجلاس اورملکی سیاست میں فاطمہ بھٹو اورسسی شاہنوازکوسامنے لانے سے متعلق تجاویز کے بعد سابق صدرآصف علی زرداری نے قریبی رفقا ء سے مشاورت کے بعد اہم اقدامات کا فیصلہ کیا۔

سردست بے نظیربھٹو کی بہن صنم بھٹو کوایک بارپھر پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم پرمتحرک کردیا گیا ہے اورصنم بھٹو کواس ضمن میں لیاری کا دورہ کرایا گیا جبکہ لیاری کی پیپلزپارٹی کی پرانی وفادارخواتین ورکرز سے بھی صنم بھٹو کی ملاقاتیں کرائی گئی ہیں۔ دورہ لیاری کے بعد صنم بھٹو نے اتوارکومخدوم ہاوٴس کراچی کا دورہ کیا انہیں سرکاری پروٹوکول میں مخدوم ہاوٴس لایا گیا جہاں انہوں نے مخدوم امین فہیم کی فیملی سے ملاقات کی اورمخدوم امین فہیم کی وفات پراظہارتعزیت کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صنم بھٹو کی پیپلزپارٹی کے سینئررہنماوٴں سے بھی ملاقاتیں کرائی گئیں اورآئندہ چند روزمیں وہ بلاول ، آصفہ اوربختاورکے ساتھ پارٹی کی دیگر سرگرمیوں میں بھی شریک ہونگی۔ معتمد ترین ذرائع کا کہنا ہے کہ صنم بھٹو کوپارٹی پلیٹ فارم پرمتحرک کرنے اوربے نظیربھٹو کے بچوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ایک بارپھران کے حوالے کرنے کا مقصد بھٹو خاندان کے زرداری مخالف دھڑے کے اعتراضات کومسترد کرنا اورکسی بھی ممکنہ سیاسی مزاحمت کا قبل ازوقت راستہ روکنا ہے۔

ماضی میں بھی بھٹو خاندان میں زرداری مخالف دھڑے کی سرگرمیوں کوروکنے کے لیے صنم بھٹو کوپاکستان لایا گیا تھا اورنوڈیرو ہاوٴس میں اس وقت کی وزیراطلاعات سندھ شازیہ مری کے ساتھ ایک پریس کانفرنس کرائی گئی۔ علاوہ ازیں مارچ 2013ء میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی بھی پارٹی اورکچھ خاندانی معاملات پرپھوپھی فریال سے اختلافات کے بعد بیرون ملک اپنی خالہ صنم بھٹو کے پاس جاکر قیام کرنے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔

متعلقہ عنوان :