اگر آئی فون خریدا تو نوکری ختم، چین میں بعض کمپنی مالکان کی ملازمین کو دھمکی

پیر 3 اکتوبر 2016 10:14

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اکتوبر۔2016ء) چین میں بعض کمپنی مالکان اپنے ملازمین کو آئی فون سیون خریدنے کے پاداش میں انھیں نوکریوں سے نکالنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے صوبہ ہینان میں نان یونگ کانگ میڈیسن کمپنی نے اپنے ملازمین کو نوٹس جاری کیا کہ وہ آئی فون سیون یا سیون پلس نہ خریدیں۔ 'اگر آپ یہ ضابطہ توڑیں گے تو پھر اپنا استعفیٰ تیار رکھیں۔

کمپنی کے نوٹس میں مزید لکھا تھا: '18 ستمبر ایک تاریخی دن ہے۔

(جاری ہے)

اس دن ہونے والی قومی ذلت مت بھولو اور غیرملکی مصنوعات خریدنے سے باز آ جاوٴ۔'یاد رہے کہ 85برس قبل جاپانی فوج نے اسی تاریخ یعنی 18ستمبر کو مشرقی چین پر حملہ کیا تھا۔ چین میں سوشل میڈیا پر اس نوٹس کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا ہے، اور اس کا ہیش ٹیگ ویبو پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔بعض لوگوں نے کہا ہے کہ اس قسم کے نوٹس ملازموں کے حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔بعض صارفین نے لکھا ہے کہ آئی فون کا بائیکاٹ الٹا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے کیوں کہ ایپل کی بیشتر مصنوعات چینی کمپنی فاکس کام تیار کرتی ہے۔