شمالی کورین سفارت کاروں کا شراب فروخت کرنے کا انکشاف

رواں سال پاکستان کسٹمز نے شمالی کورین سفارت کاروں کی جانب سے درآمدکردہ کوٹے سے زیادہ شراب کی بوتلیں ضبط کرلیں گزشتہ سال شمالی کوریا کے مرد وخاتون پر مشتمل جوڑے کو مقامی ہوٹل میں شراب فروخت کرتے گرفتار کیا گیا تھا،ذرائع

پیر 3 اکتوبر 2016 10:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اکتوبر۔2016ء )شمالی کورین سفارت کاروں کی جانب سے مطلوبہ تعداد سے زائد شراب کی بوتلیں درآمد کر کے فروخت کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ متعدد بار شمالی کورین سفارت کار شراب فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار بھی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ذمہ دار زرائع نے بتایا ہے کہ رواں سال2016 میں پاکستان کسٹمز نے شمالی کورین سفارت کاروں کی جانب سے درآمد کی گئی کوٹے سے زیادہ شراب کی بوتلیں قبضے میں لیکر ضبط کرلی تھیں،جنہیں چھڑانے کے لئے کسٹم حکام پر بہت دباوٴ ڈالا گیا ،لیکن انہوں نے شراب چھوڑنے سے انکار کردیا،کسٹمز زرائع بتاتے ہیں کہ شمالی کورین سفارت کار ذاتی استعمال کے لئے شراب منگواتے ہیں جو بعد ازاں شہر میں فروخت کی جاتی ہے،زرائع کے مطابق گزشتہ سال2015 میں شمالی کوریا کے مرد وخاتون پر مشتمل جوڑے کو مقامی ہوٹل میں شراب فروخت کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا جن سے بڑی تعداد میں شراب کی بوتلیں برآمد ہوئی ہیں،اس کے علاوہ سفارت کاروں نے مقامی لوگوں کو اپنا ایجنٹ بنا رکھا ہے جو شراب فروخت کرنے کے اس گھناوٴنے دھندے میں ملوث بتائے جاتے ہیں،زرائع کے مطابق یہ ایجنٹ شہر کے پوش علاقوں کے گھروں میں سروس فراہم کرتے ہیں،زرائع کے مطابق سفارت کاروں کو شراب کی فروخت سے تنخواہوں سے زیادہ آمدنی ہوتی ہے،زرائع کے مطابق شراب فروخت کرنے کے اس دھندے میں صوبائی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا عملہ بھی ملوث ہے جسے باقاعدہ شراب سے ہونے والی آمدنی کا حصہ ملتا ہے۔

متعلقہ عنوان :