ہم نے پاکستانی پرچم نہیں جلایا ، ویڈیو جعلی ، ہمارے خلاف پروپیگنڈہ ہے ، دارالعلوم دیو بند بھارت

ویڈیو کے پس منظر میں دکھائی جانے والی عمارت بھی دارالعلوم دیوبند کی نہیں ،ہم اس طرح کے جھوٹے اور شر انگیز پروپگنڈے کی پر زور مذمت اور اپنے وطن عزیز بھارت کی سلامتی کیلئے دعا گو ہیں ، علماء دیو بند

اتوار 2 اکتوبر 2016 12:56

سہارنپور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2اکتوبر۔2016ء) انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا پر دارالعلوم دیوبند کے نام سے پھیلائی جانے والی ویڈیو جس میں دکھایا گیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کے علماء اور طلباء مدرسے کی عمارت کے سامنے پاکستانی پرچم نذر آتش کر تے ہوئے پاکستان کے خلاف انتہائی قابل اعتراض گفتگو کرتے دکھائی دے رہے ہیں جعلی نکلی،دارالعلوم دیوبند نے ویڈیو کو شر انگیز پروپیگنڈہ اور بدنام کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان کے ممتاز دینی ادارے دارالعلوم دیو بند نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور انٹر نیٹ پر پاکستانی پرچم کو نذر آتش کرنے والی ویڈیو سے دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ ،علماء اور طلباء کا کوئی تعلق نہیں ،ویڈیو کے پس منظر میں دکھائی جانے والی عمارت بھی دارالعلوم دیوبند کی نہیں ،ہم اس طرح کے جھوٹے اور شر انگیز پروپگنڈے کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گذشتہ چند روز سے سوشل میڈیا اور انٹر نیٹ پر ایک ویڈیو وائیرل ہو رہی ہے جس میں دکھا یا گیا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کے علماء اور طلباء کی طرف سے مدرسے کی عمارت کے سامنے پاکستانی پرچم کو نذر آتش کیا جارہا ہے اور پاکستان کے خلاف شرانگیز گفتگو اور نعرے بازی بھی کی گئی۔ا دارالعلوم دیوبند نے خصوصی طور پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا اور انٹر نیٹ پر وائیرل ہونے والی اس ویڈیو جس میں کسی مدرسہ جیسی عمارت میں کچھ علما اور طلبا جیسی شکل و صورت کے لوگ پاکستانی پر چم نذر آتش کر رہے ہیں ،ان کا کسی طور پر بھی دارالعلوم دیوبند سے ہرگز کوئی تعلق نہیں ہے ،ویڈیو میں نظر آنے والوں میں سے کوئی ایک بھی شخص نہ تو دارالعلوم دیو بند کا طالب علم ہے اور نہ ہی عالم دین اور نہ ہی ان میں سے کسی کا بھی تعلق ہمارے ادارے سے ہے۔

دارالعلوم دیوبند کا کہنا تھا کہ ویڈیو کے پس منظر میں نظر آنے والی عمارت بھی دارالعلوم دیو بند کی نہیں ،ہم اس طر ح کے پر فریب ، شر انگیز اور جھوٹے پروپیگنڈے کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور اپنے وطن عزیز کی امن و سلامتی اور استحکام کے لئے دلی طور پر دعا گو ہیں۔

متعلقہ عنوان :