غیرقانونی بھارتی پروگراموں کی نشریات پر سخت کارروائی کی جائے گی،پیمرا

جمعہ 30 ستمبر 2016 10:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30ستمبر۔2016ء) غیرقانونی بھارتی پروگراموں کی نشریات پر 15 اکتوبر کے بعد قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو غیرقانونی بھارتی کنٹنٹ اور ڈی ٹی ایچ کے ذریعے بھارتی پروگراموں کی نشریات کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پاک بھارت موجودہ صورتحال کے تناظر میں ان شکایات میں گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

شکایت کنندگان نے پیمرا سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی غیرقانونی نشریات پر فوراً پابندی عائد کی جائے۔ پیمرا نے پہلے ہی ڈی ٹی ایچ اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کے ذریعے غیرقانونی بھارتی پروگراموں اور نشریات کی بندش کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ٹی وی چینلز پر بھارتی پروگراموں کی نشریات کے خلاف بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر تمام مقامی ٹی وی چینلز اور ڈسٹری بیوشنز نیٹ ورکس سے توقع ہے کہ وہ ملکی قانون کی پابندی کریں گے اور غیرقانونی بھارتی نشریات کو رضاکارانہ طور پر بند کر دینگے اور اس طرح عوام کو فی الفور ایک مثبت پیغام جائے گا۔

(جاری ہے)

بھارتی پروگراموں کی بندش کے حوالے سے روزانہ ٹی وی چینلز کے ٹاک شوز میں بھی مطالبہ کیا جاتا ہے۔ پیمرا نے کہا کہ اس حوالے سے 15 اکتوبر 2016ء کے بعد قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :