تعلیم مکمل کرکے ملازمت حاصل کرنیوالے پیف سکالر نے وظیفے کی نصف رقم واپس کردی

جب تک زندگی ہے ہر ماہ 500 روپے تعلیمی فنڈ میں دیتا رہوں گا:ڈاکٹر غلام عباس یہ جذبہ سیاستدانوں ،سرمایہ داروں اوربیوروکریٹس کے ضمیر کو جھنجوڑنے کیلئے شاندار مثال ہے:شہبازشریف

جمعرات 29 ستمبر 2016 10:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2016ء)پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے وظائف کے ذریعے تعلیم مکمل کرنے کے بعد غازی برادرز میں بطورمنیجرکام کرنے والے پیف سکالرڈاکٹر غلام عباس نے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو 67ہزار روپے کا چیک پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیف کے وظائف کے ذریعے میں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں اپنی تعلیم مکمل کی اور آج میں غازی برادرز میں بطور منیجرکام کررہا ہوں۔

اس تعلیمی فنڈ کے ذریعے ملنے والاوظیفے نے میری زندگی بدل دی ہے اور میں اس قابل ہوچکا ہوں کہ یہ وظیفہ واپس کردوں تاکہ مجھ جیسے دیگر مستحق وہونہار طلبا و طالبات زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں اورآج میں1لاکھ35ہزارروپے وظیفے کی رقم کا نصف واپس کررہا ہوں جبکہ ہر ماہ اپنی تنخواہ سے 500 روپے اس فنڈ میں جب تک زندگی ہے دیتا رہوں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے غریب گھرانوں کے ہونہار بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کا جو بیڑہ اٹھایا ہے وہ اس میں تنہا نہیں بلکہ ہم سب ان کے ساتھ ہیں ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ڈاکٹر غلام عباس کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں اس نوجوان کے عزم کو سلام کرتاہوں میں نے نوجوان سے کہاہے کہ اگرچہ آپ کو حاصل کیے گئے وظائف کی رقم واپس کرنے کی ضرورت نہیں تاہم اگر آپ نے ایسا فیصلہ کرلیا ہے تو یہ سیاستدانوں ،سرمایہ داروں،بیوروکریٹس،وزراء اورمالداروں کے ضمیر کو جھنجوڑنے کیلئے ایک شاندار مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی جذبے،عزم اورمحنت سے کام کرکے ہی ملک کو قائد و اقبال کا پاکستان بنایا جاسکتا ہے اورہم سب کی یہی سوچ اورجذبہ ہونا چاہیے ۔پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ بھی اسی ویژن کو آگے بڑھانے کیلئے بنایا گیا ہے ،میں پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے وائس چےئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب ،صوبائی وزیر،سیکرٹری اوربورڈ کے تمام ممبران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ پیف سکالرز کی کامیابیوں کو دیکھ کرامید پید ا ہوئی ہے کہ پاکستان کا مستقبل بہت تابناک ہے۔پیف سکالرز نے زمانے کے اندھے تھپڑوں کا مقابلہ کرتے ہوئے تعلیم کو جاری رکھا ہے اوریہی طریقہ پاکستان کو آگے لے جانے کا ہے ۔

متعلقہ عنوان :