کوئی بھی انصاف سے بالا تر نہیں ہے، جاوید ہاشمی

اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش نہ کرنے والا چورہے ، آج سری نگر سمیت دیگر کرہ ارض پر پاکستان زندہ بار کے نعرے لگائے جا رہے ہیں یہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کانتیجہ ہے، تقریب سے خطاب

جمعرات 29 ستمبر 2016 10:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2016ء)سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کوئی بھی انصاف سے بالا تر نہیں ہے اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش نہ کرنے والا چور ہے۔ پارلیمنٹ کو اپنی معیاد پوری کرنی چاہئے آج سری نگر سمیت دیگر کرہ ارض پر پاکستان زندہ بار کے نعرے لگائے جا رہے ہیں یہ ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کانتیجہ ہے ۔ وہ گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ بار کے کراچی شہدا ہال میں پاکستان عوامی محاذ کے زیر اہتمام سیاسی ، صحافی ، و دینی شخصیات کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

اس موقع پر پاکستان عوامی محاذ کے چیئر مین سید منظور علی گیلانی، لاہور ہائیکورٹ بارکے صدر رانا ضیاء عبدالرحمان ، احمد اویس ، عام پارٹی کے چیئر مین نسیم صادق ، لاہور بارکے سابق صدر چودھری ذوالفقار ، ارشد انجم ، بدر ظہور ، حنیف گورایا، میجر حبیب الرحمان مئیو ، سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

جاوید ہاشمی نے عبدالستار ایدھی ، مجید نظامی ، جسٹس ( ر) ڈاکٹر جاوید اقبال، نواب زادہ نصراللہ خان، معراج خالد ، مولا نا سید ابو الاعلی مودودی ، ملک محمد قاسم ، بیگم رعنا لیاقت علی خان، حمید الدین مشرقی ، اے کے بروہی، سید فصیح اقبال، سردارسورن سنگھ ، ملک حامد سرفراز ، مس رابعہ سلطان قاری ، محمد اقبال چیمہ ، اور محمد رفیق غوری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ملک کو بنانے اور سنوارنے میں ان شخصیات نے اپنا اپنا موثر کردار اداکیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ ہے کہ میں 11مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوا ہوں انہوں نے کہا کہ میں ایک سیاسی ورکر ہوں انکا کہناتھاکہ ملک میں جمہوری تسلسل جار ی رہنا چاہئے۔ میں ذہنی طور پر اقتدار کے لیے نہیں آیا اورنہ ہی کبھی یہ سوچا ہے پاکستان بڑی مشکلوں سے معرض وجود میں آیا ہے آج پاکستان جوان ہو چکا ہے اور ہم بھارت کے مقابلے میں لڑنے کا حوصلہ ، طاقت اور برداشت زیادہ رکھتے ہیں انہوں نے کہاکہ بیس سال قبل میں نے پیش گوئی کی تھی ایک دن آئے گا جب روس پاکستان کے ساتھ کھڑا ہو گا وہ دن آج آگیا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جرنیلوں اور سول قیادت نہیں بلکہ اس کی جغرافیائی سرحدوں نے قائم کیا ہے بھارت کو اپنی تجارت بڑھانے کے لیے پاکستان کے آگے گھٹنے ٹیکنے ہوں گے انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ جنگ کر سکے ۔

اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو وہ 15ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا جاوید ہاشمی نے کہاکہ جس طرح جس شخصیات کے لیے یاد رفتگان منا رہے ہیں۔ ان میں اکبر بگٹی کا نام بھی شامل ہونا چاہئے تھا کیونکہ انہوں نے ہمیں گوادرکا تحفہ دیا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں موثر نظام کی ضرورت ہے ۔ہمارے وزراء قوم کے پیسے کو اس طرح ضائع نہ کریں اور اپنی کمائی کو استعمال کریں انہوں نے کہا کہ آج اس امر کی ضرورت ہے کہ پاکستان کی پوری قیادت کو باہمی مشاورت کے ساتھ تبادلہ خیال کرناچاہئے اور پاکستان کے استحکام کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کرناچاہئے جاوید ہاشمی نے کہاکہ بھارت کے خلاف صرف بھڑکوں سے کام نہیں لینا چاہئے یہ بات ثابت ہو چکی ہے بھارت پاکستان سے میڈیا ، سمیت دیگر جنگ ہار چکا ہے اور پوری دنیا میں اس چہرہ کالا ہو ا ہے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو بھارت کے چنگل سے آزاد کرانا ہو گا آج بھارت کی قیادت جنون کا شکار ہے آج ایک بڑی تبدیلی رونما ہوئی کہ بھارت پوری دنیا میں اکیلا رہ گیا ہے ۔

پاکستان عوامی محاذ کے چیئر مین سید منظور علی گیلانی نے کہا کہ آج ہم ان کی یاد میں دن منا رہے ہیں جنہوں نے اپنی زندگیاں پاکستان کی سلامتی کے لیے وقف کردیں ملک میں ایک ہی ادارہ ہے وہ پارلیمنٹ ہے جب تک پارلیمنٹ کی بالا دستی نہیں ہو گی عدلیہ کو مکمل آزاد نہیں کیا جائے گا ملک ترقی نہیں کر سکے گا انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام تر سروسز کو پاکستان کے تابع ہونا پڑے گا پاکستان کی عوام کو آزادکرنے کے لیے حکمران طبقات کے شکنجہ سے نکالنا ہو گا منظور گیلانی نے کہاکہ آج فرقوں کی بنیاد پر پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ہمیں اپنی چار پائی کے نیچے دیکھنا ہوگا پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں اور رہنما ہیں جو پاک فوج کو کہتے ہیں کہ وہ قبضہ کرلیں لیکن جنرل راحیل شریف قبضہ نہیں کرے گا اس لیے آج عوام با شعور ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہو یا پاکستان کے اندر کے مسائل ہوں انہیں دور کرنے کے لیے ملکی عوام کو خوش حال کرنا ہوگا آج عوام کو کچھ دینا پڑے گا مخصوص طبقات کو سرنڈر کرنا پڑے گا چاہے اس میں فوجی جرنیل ہوں انہیں عوام کے سامنے سرنڈر کرنا پڑے گا انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوریت کو نہیں مانتا لیکن ہماری جدوجہد جاری رہے گی انہوں نے کہا کہ ہم زندہ شہید لوگ ہیں ۔

دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان کو سارے کھارہے ہیں کوئی بھی یہاں برکت اللہ نہیں ہے پاکستان کی بقاکے لیے ہمیں اپنے آپ کو پیش کرنا ہو گا۔ اسمبلیوں کو پورا وقت دینا چاہئے ۔ تقریب میں احمد اویس ، نسیم صادق ، ارشد انجم ، بدر ظہور ، سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔