افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں 18 افراد ہلاک، 12 زخمی

ڈرون حملہ حج سے واپس آنے والے سرکاری ملازم کے گھر پر کیا گیا، ذرائع

جمعرات 29 ستمبر 2016 10:49

کابل( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29ستمبر۔2016ء ) افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں 18 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صوبے ننگر ہار کے ضلع اچن میں امریکی ڈرون طیارے نے شاہدل بازار میں واقع مکان پر میزائل فائر کیے جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ننگر ہار کے گورنر کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے ہلاکتوں سے متعلق تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔

دوسری جانب افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے نے حج سے لوٹنے والے ایک سرکاری ملازم کے گھر کو نشانہ بنایا، حملے کے وقت مہمانوں کی بڑی تعداد گھر پر موجود تھی جب کہ اس قسم کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ ڈرون حملے کا نشانہ داعش کے افراد تھے۔