نوازشریف کو ہٹا کرکسی اور کووزیراعظم بنادیں کوئی اعتراض نہیں‘ عمران خان

عوامی تحریک کو احتجاج میں شرکت کے لئے پھر دعوت دیں گے

بدھ 28 ستمبر 2016 10:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28ستمبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کو ہٹا کرکسی اور کووزیراعظم بنادیں کوئی اعتراض نہیں، نوازشریف نے کرپشن کی ہے تو اسکوجانا چاہئے۔ عوامی تحریک کو احتجاج میں شرکت کے لئے پھر دعوت دیں گے، کپتان نے طاہرالقادری سے اختلاف کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے بیرون ملک جانے سے پہلے میرا رابطہ ہوا تھا۔

بھارت کوسمجھ جانا چاہیے کہ جنگ مسئلے کاحل نہیں ،کشمیر میں تحریک سے اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے ، وہ سب آزادی چاہتے ہیں۔ گزشتہ روز یہاں صحافیوں کے اعزاز میں رکھے گئے ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا احتساب ہوناچاہیے لیکن وہ یہ نہیں کہتے کہ حکومت چلی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں سے کسی کوبھی وزیراعظم بنا دیں، انہیں اعتراض نہیں ہو گا، وہ 30 ستمبر کو احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔

عمران خان نے کہاکہ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے،صرف پی ٹی آئی کے پاس اصل اسٹریٹ پاور ہے ، وہ ایسا جہاد کررہے ہیں جس پر پاکستان کے مستقبل کا انحصار ہے ، پاناما لیکس کے معاملے پر الزامات نہیں،بلکہ ثبوت موجود ہیں۔عمران خان کاکہناتھاکہ ملک میں ادارے آزاد نہیں ، انہوں نے اپوزیشن کی خاطر رائیونڈ مارچ کی تاریخ تبدیل کی ، سیاسی جماعتیں سڑکوں پر آنے کی تحریک میں شامل نہیں ہونا چاہتیں تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ اور حق ہے، 30 ستمبر کووہ اگلے مرحلے کا اعلان بھی کرسکتے ہیں۔

چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ رائیونڈمارچ پر امن ہوگا، ن لیگی گلو بٹوں کی دھمکیوں کا سخت ردعمل آیا ہے، عوام مقابلے کیلئے تیار ہے کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔انکا کہنا تھا کہ یہ تحریک اب رکنے والی نہیں ہے، اگر پاناما لیکس کا معاملہ چھوڑ دیا تو کرپشن کا معاملہ بھی دفن ہوجائے گا، جب وزیراعظم چوری کرے تو اسے جانا پڑتا ہے، ن لیگ کے لوگوں کو پتہ ہے کہ نوازشریف نے چوری کی ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ 4ہزار ارب کی کرپشن ہو رہی ہے، کے پی کے کارکردگی کے لحاظ سے نمبر ون ہے۔بھارتی جارحیت پر عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت کو سمجھنا چاہئے کہ جنگ مسئلے کا حل نہیں ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ الیکس پر احتجاج نہیں کرپشن کے خلاف جہاد کررہے ہیں ، ہمارے جہاد پر ہی پاکستان کا مستقبل کا انحصار ہے ،پانامہ لیکس کے ایشو کو چھوڑ دیا تو کرپشن کا معاملہ دفن ہو جائیگا، وزیراعظم نے چوری کی اسے جانا ہی پڑے گا ، پاکستان مافیا کے ہاتھوں چڑھ چکا ہے ، پنجاب کی پولیس اور بیورو کریسی اسی مافیا کے ہاتھ لگ چکی ہے ، حکومتی لوگ سلطان راہی بنتے جارہے ہیں، ہمارے کارکنوں پر تشدد ہوا تو بھرپور جواب میں ملے گا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کرپشن کے خلاف جہاد کررہی ہے اور ہمارے جہاد پر ہی پاکستان کے مستقبل کا انحصار ہے ، ملک سے کرپشن ختم ہو جائے تو ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی اور یہ ملک میں حقیقی تبدیلی ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم پاکستانی قوم کے مستقبل کیلئے اپنا آج قربان کررہے ہیں ، تمام سیاسی جماعتیں اس معاملے پر ہمارے ساتھ ہیں ، طاہر القادری کی ناراضگی کی وجہ معلوم نہیں تاہم ایک بار پھر ان کو دعوت دینگے ، اگر ہم نے آج پانامہ ایشوز پر خاموشی اختیار کرلی تو پھر کرپشن کا معاملہ ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گا ، وزیراعظم نوازشریف نے چوری کی ہے اور انہیں جانا ہی پڑے گا ، نوازشریف اب کسی صورت نہیں بچ سکتے ،اگر وہ بچ گئے تو اس سے اداروں کی ساکھ متاثر ہو گی اور ان پر انگلیاں اٹھیں گی ۔

انہوں نے کہاکہ نیب اور ایف بی آر کی ساکھ ختم ہو چکی ہے جبکہ پاکستان پر مافیا کا قبضہ ہے بالخصوص پنجاب پولیس اور پنجاب کی بیورو کریسی مافیا کی تحویل میں ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حکومت ڈرے نہیں ہمارا جاتی امراء جانے کا کوئی پروگرام نہیں ہے تاہم اگر حکومت نے کچھ بھی کیا تو اس کا شدید ردعمل سامنے آئے گا کیونکہ حکومتی لوگ سلطان راہی بنے ہوئے ہیں اور ہمیں ڈنڈے اور انڈے دکھا رہے ہیں اگر ہمارے کارکنوں پر کسی بھی قسم کا تشدد کیا گیا تو ہم خاموش رہ کر مار نہیں کھائیں گے بلکہ تشدد کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر بند کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے مگر تشدد کیا گیا تو دھرنے نے ہماری بہت اچھی ٹریننگ کردی ہے کسی بھی حکومتی حملے کا بھرپورجواب دیا جائے گا ۔ایک اورسوال کے جواب میں عمران خان نے کہاکہ کرپشن کیخلاف احتجاج ، مارچ اور دھرنوں سے حکومت ختم نہیں ہو گی اور ہم کبھی نہیں کہا کہ حکومت چلی جائے گی اور نہ ہی حکومت کو گرانے کا ہمارا کوئی پلان ہے بلکہ ہم تو صرف وزیراعظم کا احتساب اور پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں ۔

عمران خان نے ایک اور سوال پر کہا کہ اگر وزیراعظم چلے جاتے ہیں تو یہ ن لیگ ہی بہتر جانتی ہے کہ وہ کسے وزیراعظم بناتی ہے ، وزیراعظم نوازشریف نے قومی دولت چوری کی ہے اور اسے جانا تو پڑے گا ۔ایک اور سوال پر عمران خان نے کہاکہ میرے ٹوئیٹ کے بعد ہی وزیراعظم نوازشریف ملک واپس آرہے ہیں شکر ہے انہیں شاپنگ سے فرصت تو ملی ۔انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتوں میں لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں اور جب تک کرسیاں نہ چلیں تو کنونشن پورا نہیں ہوتا ۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ونڈ مارچ میں پانامہ لیکس کے معاملے پر عوام کا سمندر نظرآئے گا۔ تحریک انصاف اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہوں نے ٹیلی فونک رابطہ میں رائے ونڈ مارچ میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی شرکت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ مارچ میں پانامہ لیکس پر عوامی سمندر نظر آئے گا۔ حکمرانوں کو پانامہ لیکس کا ایشو دفن نہیں کرنے دیں گے۔عمران خان کا کہناتھا کہ کنٹرول لائن اور پاکستان کی مشرقی سرحدوں پر صورتحال کشیدہ ہے لیکن وزیراعظم نواز شریف ان دنوں چھٹیاں منارہے ہیں اور لندن میں شاپنگ کررہے ہیں۔