جنگ ہو ئی تو بھارت سے لڑنے کیلئے لاکھوں مریدین سمیت پاک فوج کا ساتھ دیں گے،سنی اتحاد کونسل اور جماعت اہلسنّت سے وابستہ 50گدی نشین مشائخ کا اعلان

پیر 26 ستمبر 2016 10:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر۔2016ء) سنی اتحاد کونسل اور جماعت اہلسنّت سے وابستہ 50گدی نشین مشائخ نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ پا ک بھارت جنگ ہو ئی تو بھارت سے لڑنے کیلئے لاکھوں مریدین سمیت پاک فوج کا ساتھ دیں گے۔ ہر روحانی آستانے کو مورچہ بناکر دفاع وطن کی جنگ جہادی جذبے سے لڑیں گے۔ مشائخ نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے مریدین کو غزوہ ہند میں شامل ہونے کی تیاریاں شروع کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

اس سلسلہ میں ایک مشترکہ کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔ روحانی خانقاہوں نے گدی نشینوں نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بھارت مردہ باد مہم چلائی جائیگی اور ہر درگا ہ پر بھارت مردہ باد کانفرنس ہو گی۔ ہم اپنی جانیں پاک سرزمین کی حرمت پر قربان کرنے کیلئے تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

ہماری زندگیاں ناموس ارض وطن کی امانت ہیں۔ صوفیاء کے پیرو کار دفاع وطن کیلئے ہراول دستہ کا کام کریں گے۔

بزدل بھارت شوق شہادت اور جذبہ جہاد سے سرشار بہاد ر پاکستانی قوم کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کیلئے شدید خطرہ بن چکا ہے۔ اقوام متحدہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لے۔ پاکستان کے مشائخ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور انکی تحریک آزادی کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہیں۔ اعلامیہ جاری کرنے والے مشائخ میں پیر سید ریاض حسین شاہ، پیر نقیب الرحمن، پیر میاں محمد حنفی سیفی، پیر سید حسین الدین شاہ، خواجہ غلام قطب الدین فریدی، پیر سید عظمت علی شاہ، پیر محب اللہ نوری، صاحبزادہ میاں جلیل احمد شرقپوری، خواجہ معین الدین اوریجہ، پیر طارق ولی چشتی، پیر منظور عالم شاہ، پیرغلام صدیق نقشبندی، پیر میاں غلام مصطفی، پیر خواجہ نور الزمان اویسی، صاحبزادہ عمار سعید، پیر محمد احمد قادری ، صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ، پیر نور المصطفیٰ رضوی، پیر سید محمد شاہ ہمدانی ، پیر سید محمد طاہر شاہ شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :