ن لیگ نے جاں نثار فورس کے نام سے مسلح گروپ بنایا ہے ، رائیونڈ جلسہ کو سبوتاژ کرنے کے لیے شرپسندی کر سکتا ہے ،تحریک انصاف کاچیف سیکرٹری پنجاب کو خط ارسال

پیر 26 ستمبر 2016 10:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26ستمبر۔2016ء)تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ نون لیگ نے جاں نثار فورس کے نام سے مسلح گروپ بنایا ہے جو رائیونڈ جلسہ کو سبوتاژ کرنے کے لیے شرپسندی کر سکتا ہے پنجاب کی انتظامیہ ہمیں آئینی اور قانونی حق استعمال کرنے کے لیے تحفظ فراہم کرے۔تفصیلات کیمطابق تحریک انصاف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط ارسال کرتے ہوئے اس میں مسلم لیگ نون پر رائیونڈ جلسے کو سبوتاژ کرنے کے لیے شرپسندی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی فر خ حبیب کی طرف سے لکھے گئے خط کے مطابق نواز شریف کی ہدایت پر نون لیگ نے رائیونڈ جلسہ کو روکنے کے لیے شرپسندی کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔خط کے مطابق مسلم لیگ نون نے رائیونڈ جلسہ کو روکنے کے لیے عسکری ونگ بنا لیا ہے۔

(جاری ہے)

نواز جاں نثار فورس کے نام سے بنایا گیا مسلح گروپ خطرناک اسلحے اور ڈنڈوں سے لیس ہے جبکہ لیگی قائدین اور کارکنوں کو شرپسندی کی ذمہ داری بھی سونپ دی گئی ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ رائیونڈ جلسہ سبوتاژ کرنے کے لیے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے قافلے روکنے، سڑکیں، پٹرول پمپس اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کی سازش بھی تیار کی گئی ہے۔چیف سیکرٹری کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عابد شیر علی سمیت دیگر وزراء نے کھلے عام عمران خان کو دھمکیاں دیں لیکن کسی لیگی رہنما کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔