عراق ، تکریت میں جنگجووٴں کے حملے میں 12 افراد ہلاک

اتوار 25 ستمبر 2016 11:43

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25ستمبر۔2016ء)عراق کے شمالی شہر تکریت میں گزشتہ روزجنگجووٴں نے پولیس کے چیک پوائنٹ پر حملہ کیا اور اس کے بعد شہر کے داخلی دروازے پر بارود سے بھری ایک کار کو دھماکے سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک اور بیس سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنگجووٴں نے ہفتے کو علی الصبح پانچ بجے چیک پوائنٹ پر حملہ کیا تھا اور ان کی فائرنگ سے چار پولیس افسر ہلاک ہوگئے تھے۔

جوابی کارروائی میں ایک جنگجو بھی مارا گیا ہے۔اس کے بعد دو جنگجووٴں نے اپنے پک اپ ٹرک پر سفر جاری رکھا اور وہاں سے سات کلومیٹر دور شہر کی حدود میں داخلی دروازے پر اس گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا ہے جس سے آٹھ افراد ہلاک اور تیئیس زخمی ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک غیر مصدقہ تصویر میں شہر کے شمال میں واقع داخلی دروازے پر دھماکے کے بعد سیاہ دھویں کے بادل بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

اس حملے کے بعد پولیس نے تکریت میں سکیورٹی مزید سخت کردی ہے۔سابق صدر صدام حسین کے اس آبائی شہر کا عراقی سکیورٹی فورسز نے اپریل 2015ء میں داعش سے کنٹرول واپس لیا تھا۔اس کے بعد شہر میں جنگجووٴں کا اس طرح کا یہ پہلا بم حملہ ہے۔فوری طور پر کسی گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

متعلقہ عنوان :