”سب کا پاکستان “کے نام سے نئی سیاسی پارٹی کا اضافہ

”سب کیلئے ایک جیسا اور بہتر پاکستان“ کے نصب العین کے تحت پارٹی کے قیام کا مقصد پاکستان کے اسلامی تشخص کو برقرار رکھنا ہے،ڈاکٹر محمد منیر

ہفتہ 24 ستمبر 2016 10:15

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2016ء)پاکستان میں ”سب کا پاکستان “کے نام سے ایک نئی سیاسی پارٹی کا اضافہ ہو گیا ہے ”سب کیلئے ایک جیسا اور بہتر پاکستان“ کے نصب العین کے تحت تشکیل پانے والی پارٹی کے قیام کا مقصد پاکستان کے اسلامی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے قومی وسائل کو18کروڑ عوام کی دسترس میں لانے کے ساتھ کشمیر اورفلسطین سمیت دنیا بھر کی مظلوم مسلم اقوام کی آزادی ،ترقی و خوشحالی کیلئے صلاحیتیں بروئے کار لانا ہے ان خیالات کا اظہار نو تشکیل شدہ پارٹی” سب کا پاکستان “کے بانی صدر ڈاکٹر محمد منیر نے پارٹی کے جنرل سیکریٹری عمیر عبدالرحمان کے ہمراہ نیشنل پریس کلب کیمپ آفس راولپنڈی میں تعارفی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ چند محب وطن دوستوں نے باہمی مشاورت سے ابتدائی طور پر 4رکنی باڈی تشکیل دی ہے جس میں انہیں صدارت کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں جبکہ عمیر عبدالرحمان کو جنرل سیکریٹری ،عمر جامی کو سیکریٹری خزانہ اور نائلہ جامی کو سیکریٹری انفارمیشن نامزد کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی کا منشور تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ اس کے قیام کے اغراض و مقاصد میں ملک کے کروڑوں غریب عوام کے چہروں پر خوشحالی کے رنگ بکھیرنا اور وطن عزیز میں محبت ،امن اور سلامتی کی فضا پیدا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے مقاصد میں ایک یہ بھی ہے کہ پاکستان کو خود مختار،خود کفیل اورباوقارملک بنایا جائے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا نام سب کا پاکستان اور ہماری منزل سب کے لئے ایک جیسا اور بہتر پاکستان ہے انہوں نے کہا کہ بہت جلد پارٹی کے مثالی منشور اور تمام عہدیداروں کے ہمراہ دوبارہ میدیا کو تفصیلات سے آگاہ کریں گے جس کے بعد پارٹی کی تنظیم سازی اور آئندہ کی حکمت عملی کا بھی اعلان کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :