وزرا ، ایم پی ایز اور سرکاری افسران کے مزے ختم

پنجاب حکومت کا رواں مالی سال کیلئے بچت پلان جاری، سرکاری خرچ پر عیاشی نہیں کی جاسکے گی

ہفتہ 24 ستمبر 2016 09:57

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2016ء )وزرا ، ایم پی ایز اور سرکاری افسران کے مزے کے دن ختم ہوگئے، پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کیلئے بچت پلان جاری کردیا جس کے بعد سرکاری خرچ پر عیاشی نہیں کی جاسکے گی۔پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بچت پلان کے نوٹیفکیشن کے مطابق وزرا، ایم پی ایز اور سرکاری افسران سرکاری فنڈز پر بیرون ملک نہیں جاسکیں گے اور اگر بیرون ملک جانا ضروری ہوا تو ایسے ضروری دورے کیلئے سمری کی منظوری وزیر اعلیٰ خود دیں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزرا ، ایم پی ایز اور سرکاری افسران کے گھروں کی تزئین و آرائش پر بھی پابندی ہوگی جبکہ رواں مالی سال کے دوران سرکاری افسروں کیلئے ایئر کنڈیشنر اور جنریٹر بھی نہیں خریدے جائیں گے۔ سرکاری محکمے نئی گاڑیاں نہیں خرید سکیں گے اور نئی گاڑیوں کی خریداری کیلئے وفاقی حکومت کی پالیسی دیکھنا ہوگی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ وزرا ، ایم پی ایز اور سرکاری افسران کو اگر اندرون ملک سفر کرنا ہے تو بزنس کی بجائے اکانومی کلاس میں سفر کرنا ہوگا۔