پوری قوم اور مادر وطن کے چپے چپے کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا،آرمی چیف

پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے،ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دیں گے،جنرل راحیل شریف کا قومی انسداد دہشت گردی مرکز کا دورہ،مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی

ہفتہ 24 ستمبر 2016 10:36

راولپنڈی ،کھاریاں (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ،پوری قوم اور مادر وطن کے چپے چپے کا ہر قیمت پر دفاع کیا جائے گا،ہر خطرے کا منہ توڑ جواب دیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلق عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے قومی انسداد دہشت گردی کے مرکز کا دورہ کیا جہاں لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے آرمی چیف کو انسداد شت گردی مرکز کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ بھی دی،بریفنگ میں آرمی چیف کو بتایا گیا کہ سینٹر سیکیورٹی فورسز کو انسداد دہشتگردی کے حوالے سے تربیت فراہم کر رہا ہے،سینٹرمیں مسلح افواج کے 2 لاکھ 31ہزار جوانوں کو تربیت دی گئی جبکہ3ہزار483پولیس افسروں اور اہلکاروں نے بھی سینٹر میں تربیت حاصل کی،تربیت کے علاوہ سیں ٹر نے 5مشترکہ مشقیں بھی منعقد کروائیں جن میں چین ،سعودی عرب ارو بحرین کو بھی شامل کیا گیا،اس موقع پرآرمی چیف نے سینٹر کے بنیادی ڈھانچے اور اضافی سہولیات کا افتتاح کر دیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سنٹر میں تربیت فراہم کرنے والوں کی تعریف کی اور افسران و جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر میں دستیاب سہولتوں سے تربیت کے بہترین معیار کو برقرار رکھا گیا ۔آرمی چیف نے کہا کہ کسی کو ہماری بہادر افواج اور اس کی صلاحیتوں پر شک نہیں ہونا چاہیے ،پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک دہائی سے دہشت گردی کا شکار ہے تاہم پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور عوام کے عزم سے دہشت گردی ختم ہوئی۔