پاکستان دہشتگردی کی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے، نوازشریف

بھارت کے پاکستان پر الزامات بلا جواز ہیں ،دنیا کو کشمیر میں بھارتی مظالم نظر آرہے ہیں 2018ء لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا کشمیر کی صورتحال سے متعلق امریکہ کو بھی ڈوزیئر جمع کرا رہے ہیں،پاکستانی صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 23 ستمبر 2016 11:19

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23ستمبر۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کی بھاری قیمت ادا کر رہا ہے، بھارت کے پاکستان پر الزامات بلا جواز ہیں دنیا کو کشمیر میں بھارتی مظالم نظر آرہے ہیں،2018ء لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا سال ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں پاکستانی صحافیوں سے ناشتے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ،وزیر اعظم نے صحافیوں کے ساتھ ناشتہ کیا ۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے اور بھاری قیمت ادا کر رہا ہے، بھارت کے پاکستان پر الزامات عروج پر ہیں بھارتی الزامات بلا جواز اور بے بنیاد ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے 25ہزار جوان اور شہری شہید ہو چکے 60ہزار سے زائد زخمی ہو ئے، معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، ان کا کہنا تھا کہ ہم دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ جاری ہے، ہماری 2لاکھ فوج دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار ہے اور فوج نے قربانیاں دے کر کامیابیاں حاصل کی ہیں ہمیں دنیا تسلیم کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر میں بھارتی مظالم نظر آرہے ہیں اور عالمی دنیا ہمارے نقطہ نظر کو سمجھنے کی کوشش کر رہی ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق امریکہ کو بھی ڈوزیئر جمع کرا رہے ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ میں صحافیوں کو سننے آیا ہوں صحافی بتائیں میرا دورہ امریکہ کیسا رہا اور پاکستانی میڈیا پاکستان کے تشخص اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ ہم نے معیشت کو بہتر بنا یا اور دنیا اسے تسلیم کرتی ہے، 2018ء میں ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔