نیشنل پارٹی ،مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کو شدید جھٹکا

متعدد یونین کونسلراں سمیت سینکڑوں رہنماؤں وکارکنوں کا احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان

جمعرات 22 ستمبر 2016 10:04

خضدار( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22ستمبر۔2016ء)نیشنل پارٹی ،مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کو شدید جھٹکا،نال،پارکو و لُخ سے متعدد یونین کونسلراں سمیت سینکڑوں رہنماؤں وکارکنوں کا احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان۔نیشنل پارٹی ،مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کے رہنماؤں میر عبدالشکور پندرانی،میر نورمحمد پندرانی،بابو سائینداد پندرانی،علی حیدر رند،میر مجیب الرحمان پندرانی،میرعبدالرحمان سمالانی،محمد سمالانی،میررضا محمد رخشانی،مولا بخش سمالانی،عبدالنبی نوتانی،محمد قاسم بزنجو،عبدالواحد میروانی،اللہ بخش رخشانی،واحد بخش میروانی،نبی وارث میروانی،حاجی عباس سیاپاد،عزیز اللہ لانگو،عبدالحی گرگناڑی محمد اکرم پندرانی ،محمد امین جتک و دیگر نے سینکڑوں افراد کی موجودگی میں گزشتہ روز ایک پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران نیشنل پارٹی ، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علماء اسلام سے احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔

(جاری ہے)

مستعفی رہنماؤں ،کونسلراں و کارکنوں نے کہا کہ انہیں ہر سطح پر نظر انداز کیا گیااور عوامی مسائل سے پہلو تہی کی گئی،نال،پارکو اوور لُخ میں عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جبکہ غربت،بھوک اور بیماریوں کی وجہ سے لوگوں کے لےئے زندگی گزارنامشکل ہوگیا ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کے رہنماء و زراء اور پارلیمانی نمائندے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں،انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور قبائلی شخصیات کی نظر میں کارکنوں اور ووٹروں کی کوئی اہمیت نہیں، چند ماہ قبل لُخ ،پارکو اور نال میں زلزلہ سے سیکڑوں خاندان متاثر ہوئے ،لوگوں کے مکانات ومال مویشی کا نقصان ہوا لیکن کسی نے خبر گری تک نہیں کی ایسا لگتا ہے کہ ہمیں انسان بھی نہیں سمجھا جارہا۔

جب الیکشن کا وقت آتا ہے تو ووٹوں کے حصول کے لےئے وقتی طور لوگوں کو بے وقوف بنایا جاتا ہے۔لیکن اقتدار ملنے کے بعد ووٹروں و کارکنوں کو پوچھا تک نہیں جاتا۔انہوں نے کہا کہ اب دور تبدیل ہوچکا ہے لوگوں میں شعور آچکا ہے کہ ان کے استحصال کرنے والے کون ہیں۔لوگ اب ووٹ کی اہمیت سے بھی آگاہ ہوچکے ہیں انہیں معلوم ہے کہ ان کی ووٹوں پر اقتدار حاصل کرکے محلات بنائے جارہے ہیں۔ اس لےئے ہم اپنی تمام سابقہ سیاسی وابستگیوں سے دستبردار ہوکر آج سینکڑوں افراد کی موجودگی میں احتجاجاً مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ عنقریب نال میں ایک عوامی جلسہ عام منعقد کرکے اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

متعلقہ عنوان :