تحریک انصاف کا رائیونڈ مارچ نہ روکنے پر شہبازشریف،چوہدری نثار اتفاق

رائیونڈ مارچ کے دوران کسی بھی قسم کاتصادم ہوا اور معمولی سے معمولی نقصان کی ذمہ داری بھی صوبائی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر آئے گی،چوہدری نثار مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کو پرامن رکھنے کیلئے اقدامات نہ کئے گئے تو عمران خان کے رائیونڈ مارچ میں تصادم کے امکانات بہت زیادہ ہیں،انٹیلی جنس ادارے

جمعرات 22 ستمبر 2016 09:28

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22ستمبر۔2016ء) تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کو نہ روکنے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے درمیان اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزراء اور سرگرم کارکنوں کو پرامن رہنے کیلئے ہدایات جاری کردیں ۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب سے خصوصی ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ رائیونڈ مارچ کے دوران اگر کسی بھی قسم کاتصادم ہوا اور معمولی سے معمولی نقصان کی ذمہ داری بھی صوبائی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر آئے گی اور انٹیلی جنس اداروں نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اگر بروقت مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کو پرامن رکھنے کیلئے اقدامات نہ کئے گئے تو عمران خان کے رائیونڈ مارچ میں تصادم کے امکانات بہت زیادہ ہیں اور جانی نقصان کی صورت میں صوبائی اور وفاقی حکومت کیلئے مسائل بہت زیادہ بڑھ جائیں گے جنہیں سنبھالنا بھی مشکل ہوجائے گا اگرچہ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیر داخلہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی وزراء اور کارکنوں کو تحمل اور صبر سے کام لینے کی تلقین کرینگے لیکن ہمارے پاس کارکن اس وقت بہت زیادہ ناراص ہیں اور عمران خان کے طرز سیاست سے نالاں ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا اور رائیونڈ مارچ کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اپنے کارکنوں اور صوبائی وزراء کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی سے گریز کریں اور قیادت کے بغیر اشتعال انگیزی کرنیوالوں سے مسلم لیگ (ن)لاتعلقی کا اعلان کردے گی ۔