دونوں ہاتھوں سے فاسٹ باؤلنگ کرنے والے باصلاحیت کھلاڑی یاسر خان اور لاہور قلندر کے مابین دس برس کے لئے معاہدہ ہو گیا

بدھ 21 ستمبر 2016 10:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21ستمبر۔2016ء) دونوں ہاتھوں سے یکساں انداز میں فاسٹ باؤلنگ کرنے والے ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑی یاسر خان اور لاہور قلندر کے مابین دس برس کے لئے معاہدہ ہو گیا۔ معاہدے پر دستخط لاہور قلندر کے سی ای او رانا عاطف اور یاسر جان نے کئے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید بھی موجود تھے۔ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب گزشتہ روز لاہور پریس کلب میں ہوئی۔

اس موقع پر لیجنڈ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا کہ دونوں ہاتھوں سے فاسٹ باؤلنگ کروانا کرکٹ کی تاریخ میں انوکھی بات ہے۔ ایسا پہلے کہیں دیکھنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ یاسر خان نے اپنی صلاحیتوں سے ہماری توجہ اپنی طرف متوجہ کروائی۔ ہم نے پنجاب بھر میں گھوم پھر کر ٹیلنٹ تک رسائی حاصل کی اور یاسر خان کو راولپنڈی میں ہم نے تلاش کرلیا۔

(جاری ہے)

اس کی باؤلنگ میں جان نظرآئی اور ہم نے اس کو ٹرائلز میں منتخب کیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک لاکھ 30ہزار سے زائد بچوں کے ٹرائلز لئے جن میں سے آٹھ ڈویژن کی ٹیموں کے لئے باصلاحیت نوجوانوں کو چنا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں اپنے ہونہار کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کو پالش کرنا ہے ضائع نہیں اس مقصد کے لئے ہم نے لاہور قلندر کی جانب سے ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا۔ عاقب نے کہا کہ 13-12برس کے بچوں کو کرکٹ سکھاناچاہیے تاکہ وہ تیار ہوکر اچھے کرکٹر بن سکیں۔

انہوں نے کہا ہم انڈر 13 اور انڈر 14 کی ٹیمیں تیارکرنے آسٹریلیاں بھیجیں گے یہاں پر وہ کاؤنٹی کلب کے ساتھ میچ کھیل کر تجربہ حاصل کریں گے۔ اس سلسلے میں ان کی آسٹریلیا کی کاوئنٹیز سے بات چیت چل رہی ہے۔ نوجوان یاسر خان نے کہا کہ وہ لاہور قلندر کے ساتھ معاہدہ کرکے بہت خوش ہیں اب انہیں عمدہ کرکٹ کھیلنے کو ملے گی اور وہ اپنی خواہشات پوری کریں گے۔

ایک سوال پر یاسر خان نے کہا کہ انہوں نے کرکٹ کی تربیت کسی کلب وغیرہ سے نہیں وہ اپنے بھائی کے ساتھ سبزی بیچتے ہیں اور جب وقت ملتا تو محلے کے لڑکوں کے ساتھ کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ عاطف بھائی اور عاقب بھائی کی شفقت اسے ملی۔ اس نے کہا کہ وہ جی جان لڑا کر کرکٹ کھیلیں گے اور اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔ لاہور قلندر کے سی ای او رانا عاطف نے کہا کہ لاہور قلندر کے پلیٹ فارم سے ہم نے ابتدا کی ہے کہ باصلاحیت بچوں کو مثبت سمت کی طرف لائیں اور انہیں گروم کریں کیونکہ پاکستان کی یوتھ کو گروم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

اس لئے ہم نے یہ پروگرام شروع کیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ ہم اس پروگرام کو آگے بڑھانے کے لئے حکومت سے مدد لیں۔ لاہور قلندر کے 24ستمبر کو قذافی سٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں حکومت پنجاب ہماری مدد کرے۔

متعلقہ عنوان :