این اے162ضمنی انتخاب، مسلم لیگ(ن) نے تحریک انصاف سے نشست چھین لی

لیگی امیدوا ر طفیل جٹ 67ہزار210ووٹ لیکر کامیاب،پی ٹی آئی کے رائے مرتضی اقبال61ہزار843ووٹ لے سکے چوہدری محمد طفیل جٹ کی کامیابی عوام کا وزیر اعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے، ایک بار پھر خدمت ، دیانت ، شفافیت اور امانت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف

منگل 20 ستمبر 2016 10:28

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2016ء)چیچہ وطنی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ن) نے تحریک انصاف سے نشست چھین لی۔ لیگی امیدوار طفیل جٹ نے اپنے مدمقابل پی ٹی آئی کے رائے مرتضی اقبال کو شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق چیچہ وطنی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 162کے ضمنی الیکشن میں293پولنگ اسٹیشنز میں ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کے طفیل جٹ 67 ہزار 210 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے۔ رائے مرتضی اقبال 61 ہزار 843 ووٹ لے سکے۔ پیپلز پارٹی کے چودھری شہزاد پندرہ ہزار 343 ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔ طفیل جٹ نے جیت عوام کے نام کرتے ہوئے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کا عزم ظاہر کر دیا۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ(ن)کے امیدوار چوہدری محمد طفیل جٹ کو جیت کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد طفیل جٹ کی کامیابی عوام کا وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

آج ایک بار پھر خدمت ، دیانت ، شفافیت اور امانت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ دوسری جانب ن لیگ کی کامیابی پر کارکنان کی جانب سے جشن منایا جارہا ہے اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شہر میں مٹھایاں تقسیم کی۔ ادھر مریم نواز نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ این اے 162 کی نشست شیر نے جیت لی ہے۔ اس کے علاوہ ن لیگی رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ فتح پر اللہ تعالیٰ شکر ادا کرتے ہیں، ماضی میں یہ سیٹ پی ٹی آئی کے پاس تھی، مگر آج کی فتح نے ثابت کردیا کہ پاکستان کے عوام آج بھی نواز شریف پر اعتمام کا اظہار کرتے ہیں۔