آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ، اڑی حملے کے بعد بھارتی پروپیگنڈے کانوٹس

ہم پوری طرح سے باخبر اور خطے میں تازہ واقعات پر نظریں رکھے ہوئے ہیں پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کی کوشش کرنے والوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادئیے جائیں گے،جنرل راحیل شریف کا خطاب پاک افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان

منگل 20 ستمبر 2016 11:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20ستمبر۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں اڑی حملے کے بعد بھارت کی جانب سے جارحانہ عزائم پر مبنی پروپیگنڈے کانوٹس لیتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ ہم پوری طرح سے باخبر اور خطے میں پیش آنے والے تازہ واقعات اور ان کے پاکستان کی سلامتی پر اثرات کے حوالے سے قریبی نظریں ہیں پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بلاواسطہ یا بالواسطہ خطرے کابھرپور انداز میں جواب دینے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں اور پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کی کوشش کرنے والوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادئیے جائیں گے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کے روز جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی سکیورٹی خطرات اور فوج کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے سری نگر اُڑی میں بھارتی فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کے بعد بھارتی پراپیگنڈہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اپنی بہادر عوام کے ساتھ مل کر ہر ایک چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے اور پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کیخلاف کسی بھی قسم کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا ۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل آپریشن ضرب عضب میں جاری پیش رفت کو سراہتے ہوئے پاک فوج ایف سی ، رینجرز اور پولیس کو خراج عقیدت پیش کیا جو اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں اور ملک بھر میں دہشتگردوں کیخلاف کامیابی سے لڑ رہے ہیں ۔ آرمی چیف نے پاک افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اظہار اطمینان بھی کیا۔