یورپی باشندوں کو مہاجرین کا کھلے دل سے استقبال کرنا چاہیے۔ پوپ فرانسس

محبت سے ہی نفرت کا خاتمہ ممکن ہے ،کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا

پیر 19 ستمبر 2016 11:02

ویٹیکن سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2016ء)مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ نفرت انگیز دہشت گردانہ اعمال سے بچنے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ مہاجرین کے لیے اپنے گھروں کے دروازے کھول دیے جائیں۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں پوپ نے کہا کہ اپنے گھروں اور کمیونٹیوں میں مہاجرین کا استقبال کریں پوپ فرانس کا کہنا تھا کہ مہمان نوازی اور محبت اس لیے ضروری ہے تاکہ یورپ آنے کے بعد ان کا پہلا تجربہ برا نہ ہو، انہیں اپنی راتیں سرد موسم میں سڑکوں پر نہیں گزارنی چاہییں بلکہ انہیں انسانوں کی طرف سے گرمجوشی ملنا چاہیے۔

پوپ فرانسس نے مہاجرین کے لیے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محبت اور شقفت سے ہی نفرت اور دہشت گردانہ اعمال کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

پوپ فرانسس نے شورش زدہ اور غریب ممالک سے مہاجرت کا سفر اختیار کرنے والے افراد کے لیے تحفظات کا اظہار بھی کیا۔پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ افسوسناک بات ہے کہ دنیا بھر میں 65 ملین سے زائد افراد اپنے گھروں سے مہاجرت اختیار کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ یہ تعداد ہمارے تصورات سے بھی زیادہ ہے۔ اس وقت دنیا بھر میں بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد اٹلی کی مجموعی آبادی سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔یاد رہے کہ پوپ فرانسس کے والد اٹلی سے ہجرت کے لیے ارجنٹائن جا بسے تھے۔ مہاجرین کے اس بحران میں انہوں نے ہمیشہ ہی مہاجرین کی مدد کی تلقین کی ہے۔