وزیر اعظم نے پانامہ لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے قوم کے سوالوں کا جواب نہیں دیا :ڈاکٹر طاہرالقادری

قوم ناکام اور کرپٹ حکومت کو مسئلہ کشمیر کے پیچھے نہیں چھپنے دے گی : لندن میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو

پیر 19 ستمبر 2016 11:07

لندن / لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2016ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پانامہ لیکس ،سانحہ ماڈل ٹاؤن اور قومی سلامتی کے برخلاف اقدامات کے حوالے سے عوام کے سوالات کا جواب نہیں دے سکے قوم ناکام اور کرپٹ حکومت کومسئلہ کشمیر کے پیچھے نہیں چھپنے دے گی۔کشمیر کی آزادی کے لیے تنہا کشمیری جان و مال کی قربانیاں دے رہے ہیں نواز حکومت بتائے اس نے اپنے حالیہ تین سالہ اقتدار میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے زبانی جمع خرچ کے سوا کیا کردار ادا کیا؟جب تک اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا خطہ میں امن قائم نہیں ہوگا ۔

وہ گزشتہ روز لندن میں اوورسیز تنظیمات کے صدورودیگر پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے اس موقع پر بشارت عزیز جسپال ،فیاض وڑائچ ،علی عباس بخاری ،ساجد محمود بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں وفاق اور پنجاب کی حکومت نے اپنی ماتحت ایجنسیوں کو سیاسی مخالفین کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کا ٹاسک دے رکھا ہے ۔

نواز حکومت اپوزیشن کے جمہوری احتجاج سے خوف زدہ کیوں ہے ؟انہوں نے کہا کہ قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دشمنی ہے تو وزرائے اعظم کے درمیان دوستی کی وجہ کیا ہے ؟اور حکمران خاندان کی شوگر ملوں میں دس دس سال کے ملٹی پل ویزوں پر بھارتیوں کی آمد ورفت کیوں ہے ۔حکمران خاندان کی شوگر ملوں میں آنے والوں کے لیے قوانین میں نرمی کیوں کی جاتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ جلد بقیہ تین سو بھارتیوں کی فہرست بھی میڈیا کو جاری کریں گے