فوجی چھاوٴنی پر حملہ پاکستان کا کام لگتا ہے، بھارتی وزیر داخلہ کی الزام تراشی

حملہ آور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے داخل ہوئے تھے،بھارتی فوج فوجی اڈے پر حملہ دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کاررائی ہے،نریندر مودی کا ٹوئٹ

پیر 19 ستمبر 2016 11:06

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19ستمبر۔2016ء)بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اْڑی کے بھارتی فوجی اڈے پرحملے کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس حملے کے پیچھے پاکستان کے دہشت گرد گروپوں کا ہاتھ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اْڑی چھاوٴنی پر حملہ کرنے والے تربیت یافتہ اور جدید اور خصوصی ہتھیاروں سے لیس تھے۔ راج ناتھ سنگھ کے بقول انہیں اس بات پر انتہائی افسوس ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی براہ راست معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بیان کے مطابق ایسے اشارے ملے ہیں، جن کی بنیاد پر کہا جا سکتا ہے کہ اس حملے کے پیچھے پاکستان کے دہشت گرد گروپوں کا ہاتھ ہے۔بھارتی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حملہ آور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے داخل ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

اس بیان کے مطابق حملہ آوروں نے اس دوران ایک ندی پار کی تھی اور پھر سرحد پر لگی باڑ کوتوڑتے ہفتے کی شب ہی اس وسیع و عریض چھاوٴنی میں داخل ہو کر کہیں چھپ گئے تھے۔

ایک سینیئر فوجی افسر نے نام خفیہ رکھنے کی شرط پر ایک امریکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ماضی کے مقابلے میں کارروائی اسی وجہ سے مختلف تھی کہ دہشت گردوں نے فوری حملہ کرنے کی بجائے پہلے خاموشی سے چھاوٴنی میں داخل ہوئے اور پھر حملہ کیا جبکہ دوسری دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اْڑی کے فوجی اڈے پر حملے کی کڑے الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارتی کشمیر کے فوجی اڈے پر حملہ دہشت گردی کی ایک بزدلانہ کاررائی ہے۔ ان کے بقول وہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ اْڑی کی فوجی چھاوٴنی پر حملے اور ان سترہ فوجیوں کی ہلاکت میں ملوث افراد سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ مودی نے تمام ملوث افراد کو کیفر دار تک پہنچانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔