پولیس کو غیر سیاسی بنانے کے لیے پر عزم ہیں ، بلاول بھٹو زرداری

سیاسی آپریشن صرف امن اور آشتی کی بحالی میں ہماری کامیاب کوششوں کو کمزور کرے گا ہم قانون کی حکمرانی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے،کراچی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب

اتوار 18 ستمبر 2016 12:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18ستمبر۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پولیس کو غیر سیاسی بنانے کے لیے پر عزم ہیں کیونکہ سیاسی آپریشن صرف اور صرف امن اور آشتی کی بحالی میں ہماری کامیاب کوششوں کو کمزور کرے گا،ہم قانون کی حکمرانی اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو بلاول ہاؤس میں موجودہ مالیاتی سال کے دوران کراچی میں جاری ترقیاتی پروگرام اور تاحال پیش رفت پر ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو، صوبائی مشیران مولا بخش چانڈیو، مرتضیٰ وہاب،سعید غنی، سینیٹر تاج حیدر،سینیٹر شیری رحمان، حبیب الدین جنیدی،سید نجمی عالم،وقار مہدی، لطیف مغل اورچیئرمین کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو شریک تھے،اجلاس میں کراچی کے ٹرانسپورٹ، پانی اور کچرے کے مسائل کو اولیت کے بنیاد پر اٹھانے اور ان کے فوری حل کے لیے قلیل اور طویل مدتی پالیسیزاپنانے پر زور دیا گیا،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندگان کے ساتھ مل کر کام کریں اور بہتر انداز حکمرانی کے لیے ان کا تعاون حاصل کریں اور نوکریاں میرٹ کے بنیاد پر دینے کو یقینی بنایا جائے،دوسری جانب چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ 18اکتوبر کی برسی کے سلسلے میں کارساز کے مقام پر بم دھماکوں میں 200سے زائد شہید ہونے والے جیالوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کارکنان کی بڑے پیمانے پر شرکت اور تیاریوں کے سلسلے میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں راشد ربانی، سعید غنی، وقار مہدی اور نجمی عالم شامل ہیں