پاکستانی طالبہ 20ستمبرکواقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گی

دنیاکے 20ممالک میں سے طلبہ کی یوایس ایڈکی سکالرشپ کے تحت مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈٹیکنالوجی جامشوروکے کمپیوٹرشعبہ کی پہلے سال کی طالبہ اورعمرکوٹ کی رہائشی دیپاکماری کو امریکہ کے دورے پربلوایاگیاہے،پاکستان سے دوطالبات میرٹ پرمنتخب ہوئی ہیں

ہفتہ 17 ستمبر 2016 10:34

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17ستمبر۔2016ء) مہران یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشوروکے کمپیوٹر سائنس شعبے کی پہلے سال کی طالبہ اور عمرکوٹ کی رہائشی دیپا کماری بروز منگل 20ستمبر کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے جائینگی ․ تفصیلات کے مطابق دنیا کے 20 ممالک میں سے طلبہ کی یو ایس ایڈ کی اسکالرشپ کے تحت امریکہ کے دورے پر بلوایا گیا ہے ․ جس میں پاکستان سے دو طالبات میرٹ پر منتخب ہوئی ہیں ․ جس میں ایک کا تعلق ملتان اور دوسری دیپا کماری کا تعلق عمرکوٹ سے ہے․ دیپا کماری کی چاروں سال کے تعلیمی اخراجات یو ایس ایڈ کی جانب سے ادا کئے جائینگے․ یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی اسیمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے ملک کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کا دورہ بھی رکھا گیا ہے ، جہاں پر وہ دنیا کے سامنے کشمیر کا کیس پیش کریں گے․ مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے دیپا کماری کو آمریکا روانگی سے پہلے مبارکباد یتے ہوئے کہا کہ ایسے طلبہ ہی مہران یونیورسٹی کے حقیقی سفیر ہیں ، جو دنیا کے بڑے فورم پر مہران یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ مہران یونیورسٹی تیزی سے ترقی کر رہی ہے ، مہران یونیورسٹی کے کتنے ہی طلبہ و طالبات مختلف اسکالرشپس و دیگر پروگراموں کے تحت بیرونی اداروں کے دورے کر رہے ہیں ، مستقبل میں اس تدریسی معاملات کے تبادلے کے اچھے نتائج ملیں گے․