امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے یکم اکتوبر کو پشاور میں نادرا ہیڈ کوارٹر کے سامنے دھرنے کا اعلان کردیا

جمعہ 16 ستمبر 2016 10:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2016ء)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے ملک بھر میں اٹھارہ لاکھ شہریوں کے شناختی کارڈ بلاک ہونے پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے نادرا کو مسئلے کے حل کیلئے 1اکتوبر کی ڈیڈ لائن دے دی ۔1اکتوبر تک مسئلہ حل نہ ہوا تویکم ا کتوبر کو نادرا ہیڈکوارٹرکے سامنے دھرنا دیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر پائین ثمرباغ میں مدرسہ بیت الجنت کے افتتاحی تقریب اورعلماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت شہریوں کو قومی دستاویزات کی فراہمی کو یقینی بنائے ،ملک بھر میں 18لاکھ شہریوں کے شناختی کارڈ بلاک ہیں جن میں 38فیصدکا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے، نادراچھان بین میں سست روی سے کام لے رہا ،بیٹا سرکاری ملازم اور والد کا شناختی کارڈ بلاک ہے ،والد سرکاری ملازم اور بیٹے کا شناختی کارڈ بلاک ہے اور اس وجہ سے شہری اذیت سے دوچار ہیں ،نادرا 1اکتوبر تک چھان بین کرکے بلاک شناختی کارڈ بحال کر دے ،1اکتوبر تک مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں نادرا ہیڈ کوارٹرکاگھیراؤ کریں گے انہوں نے کہا کہ اس وقت نادرا حکام کی سست روی کی وجہ سے لاکھوں شہری اذیت سے دوچار ہیں میں جہاں بھی جاتا ہوں وہاں شناختی کارڈ بلاک ہونے کا مسئلہ درپیش ہوتا ہے شہری سالوں سے اپنے شناختی کارڈ بحال کرنے کیلئے دربدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں انہوں نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ سرکاری ملازمین کے شناختی کارڈ بھی بلاک ہیں انہوں نے کہا کہ اعداد وشمار کے مطابق ملک بھر میں اٹھارہ لاکھ کے قریب شناختی کارڈ بلاک ہیں اور خیبرپختونخوا میں 38فیصد شناختی کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے شہری قومی دستاویزات سے محروم ہیں انہوں نے کہا کہ قومی دستاویزات کی شہریوں کو فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے نادرا بلاوجہ شہریوں کو قومی دستاویزات سے محروم رکھ رہا ہے انہو نے کہا کہ اگر نادرا نے 1اکتوبر تک چھان بین کرکے بلاک شناختی کارڈوں کو بحال نہیں کیا تو پھر ہم نادرا کے ہیڈکوارٹر کا گھیراؤ کریں گے۔