اوکاڑہ،چوہدری مسعودربیرہ کاچوہدری ریاض الحق جج سے علیحدگی کااعلان

رہنماء پی ٹی آئی کاچوہدری ریاض الحق جج کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کی بجائے پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے اعلان کے بعدفیصلہ

جمعہ 16 ستمبر 2016 10:31

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2016ء) این اے 144اوکاڑہ سے ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والے ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج سے ان کے قریبی ساتھی اور ان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری مسعود شفقت ربیرہ نے چوہدری ریاض الحق جج سے مکمل طور پرعلیحدگی کا اعلان کردیا ، ایک سال قبل این اے 144اوکاڑہ سے ضمنی الیکشن میں بھاری اکثریت سے مسلم لیگ (ن) ،پاکستان تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے امیدواران کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والے آزاد امیدوارچوہدری ریاض الحق جج نے اپنی ایک ماہ کی الیکشن کمیپین،،راوی ہاؤس ،، رہائش گاہ ایم پی اے چوہدری مسعود شفقت ربیرہ سے شروع کی تھی اور ان کو راجپوت برادری کے بزرگ راہنما راؤ عبد الجبار خاں نے آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں اُترا تھا ، چوہدری ریاض الحق جج کی کامیابی میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری مسعود شفقت ربیرہ نے اہم کردار ادا کیا تھا ،ان کا مرکزی الیکشن آفس بھی چوہدری مسعود شفقت ربیرہ کی رہائش گاہ پرہی بنایا گیا تھا ،لیکن الیکشن میں بھر پور کامیابی کے بعد چوہدری ریاض الحق جج نے اپنے چاچا چوہدری ارشد اقبال اور بھائی چوہدری فیاض ظفر سمیت خاندان کے دیگر افراد کے کہنے پر پاکستان تحریک انصاف کی بجائے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرنے سے قبل چوہدری ریاض الحق جج نے اپنے قریبی ساتھیو ں کو اعتماد میں نہیں لیا تھا ،جس پر ان کے درمیان تحفظات پید ا ہوچکے تھے ، الیکشن میں ساتھ دینے والے ساتھیوں کے اعتماد پر پورا نہ اُترنے پر قریبی ساتھیوں نے چوہدری ریاض الحق جج کی سیاست سے علیحدگی اختیار کرلی ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری مسعود شفقت ربیرہ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ میرارکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کی سیاست سے کوئی تعلق نہ ہے ، میں پی ٹی آئی کا کارکن اور پارٹی پالیسی کاپابند ہوں ، اوکاڑہ میں پی ٹی آئی کی مضبوطی کے لیے تمام اقدامات کریں گے اور پارٹی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، مسلم لیگ (ن) میں ریاض الحق جج کے شمولیت کے فیصلہ نے عوام کو مایوس کیا ، خاندان کے علاوہ کسی ساتھی سے مشاورت نہیں کی ، ساتھیوں سے بے وفائی کرنے والے ہمیشہ تنہا ہ رہ جاتے ہیں، ترجمان عوامی تحریک ضلع اوکاڑہ کے مطابق ریاض الحق جج کو ووٹ دینا بڑی سیاسی غلطی تھی ریاض الحق نے ووٹ دینے والے کارکنوں کو نظر انداز کرتے ہوئے قاتل لیگ میں شمولیت اختیار کی جس سے ہمارے کارکنوں کی دل آزاری ہوئی ،چوہدری ریاض الحق جج کو آزاد میدوار کے طور پر کامیاب کروانے والے چوہدری مسعود شفقت ربیرہ جیسے ساتھی کی ریاض الحق جج کی سیاست سے مکمل علیحدگی آنے والے وقت میں ریاض الحق جج کو سیاسی طور پر کمزور کرے گی