وزیر اعلیٰ سندھ کے زیر صدارت اجلاس، کھالیں جمع کرنیوالے اداروں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ

جمعہ 16 ستمبر 2016 11:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16ستمبر۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے زیر صدارت اجلاس، کھالیں جمع کرنیوالے اداروں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ- کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت ہونے والے ایپکس کمیٹی کے اجلاس ہوا میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو، چیف سیکرٹری، آئی جی سندھ اور دیگرمتعلقہ افسران شریک تھے اجلاس میں سندھ کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت 11 نکات پر عمل درآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے انسداد دہشت گردی عدالتوں کے قیام، ججز اور پراسیکیوٹرز کی تعیناتی پر چیف سیکرٹری نے بریفنگ دی۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ سندھ نے 8855 مدارس کی رجسٹریشن مکمل کی ہے جبکہ 1178 مدارس کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن اداروں اور جماعتوں نے کھالیں جمع کی ہیں، ان کا آڈٹ کرایا جائے گا۔

غیر قانونی تارکین وطن کا مسئلہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھانے اور شکار پور خود کش حملے کے معاملے پر بلوچستان حکومت سے بات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ نے اب تک فوجی عدالتوں کو 105 مقدمات بھیجے ہیں جن میں سے 59 سماعت کے لیے منظور ہوئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے فارنزک لیب قائم کرنے کے احکامات دیے اور آئی جی سندھ کو لیب کے لیے جگہ اور اخراجات کی سمری تیار کرنے کا حکم دیا۔

مراد علی شاہ ان تمام تر فیصلوں سے اسلام آباد میں جمعے کو وزیراعظم نواز شریف کے زیر صدارت ہونے والے نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کریں گے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات سندھ نے بتایا کہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گزشتہ فیصلوں پر عمل درآمد کا اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیمیں نئے ناموں سے سامنے آ جاتی ہیں۔ آئندہ کوشش کی جائیگی کہ کالعدم تنظیمیں نئے ناموں کے ستھ سامنے نہ آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں عید قرباں پر کھالیں جمع کرنے والے اداروں کا آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قربانی کی کھالیں جنہوں نے بھی جمع کیں سب کی تحقیق کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :