عمران خان نے حج پر جانے کا وعدہ کیا تھا انہیں رب نے اجازت نہیں دی ، پرویز رشید

رائیونڈ جا کر احتجاج کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں نے عمران خان کو تنہا چھوڑ دیا پنڈی والے سیاستدان ہر عید پر کسی کی قربانی کا عندیہ دیتے ہیں اور خود اونٹ خرید کر گھر چلے گئے ، وزیر اطلاعات

منگل 13 ستمبر 2016 08:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔13ستمبر۔2016ء)وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے حج پر جانے کا وعدہ کیا تھا لیکن انہیں رب نے اجازت نہیں دی،رائیونڈ جا کر احتجاج کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں نے عمران خان کو تنہا چھوڑ دیا ہے،پنڈی والے سیاستدان ہر عید پر کسی کی قربانی کا عندیہ دیتے ہیں اور خود اونٹ خرید کر گھر چلے گئے ہیں، نواز شریف کے دور حکومت چا ر مرتبہ حج کا انتظام کیا گیا ،اللہ کا شکر ہے کہ ہماری حکومت میں حج کی سعادت سستی ہوئی، سرکاری حج کے اخراجات کم اور سہولت بہترہے جسے دیکھ کر پرائیویٹ حج کرنے والے لوگوں نے بھی سرکاری حج کے لیے رابطہ کیا، لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت سے پہلے سرکاری حج اخراجات بہت زیادہ تھے جو نواز شریف کے دور حکومت میں بہت کم ہو گئے ہیں جس کی تعریف حجاج کرام بھی کرتے ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ اب لوگ پرائیوٹ حج کی بجائے سرکاری حج انظامات کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ حاجیوں کوبہترین سہولیات فراہم کرنے پراللہ بھی راضی ہوتاہے اور ہم نے حاجیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھائی،حج اداکرنیوالوں کودل کی گہرائی سے مبارکباددیتاہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چےئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حج کے مقدس مہینے میں دو وعدے کیے تھے ایک اللہ تعالی ٰ سے اور دوسرا عوام سے جن میں سے پہلاوعدہ حج پرجانے کا کیااوردوسرارائیونڈجانے کا عہدکیاتھالیکن دونوں پورے نہیں کیے ۔پرویز رشید نے کہا کہ راولپنڈی والے صاحب ہر عید سے پہلے کہتے ہیں اس عید پر قربانی ہو گی اور قربانی کے لیے ن لیگ کے کسی بھی رہنما کا نام لے لیتے ہیں لیکن اس بار وہ بھی اونٹ خرید کر واپس راولپنڈی چلے گئے ہیں ،ان کا دعویٰ بھی غلط ثابت ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ رائیونڈ جا کر احتجاج کے حوالے سے جماعت اسلامی ،پیپلز پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی ،جمعیت علما اسلام اور یہاں تک کہ عمران خان کے سیاسی کزن طاہر القادری نے تنہا چھوڑ دیا ہے ،اب خان صاحب بالکل تنہا رہ گئے ہیں اور تنہا ہی رہیں گے۔