قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں عید الاضحی کیلئے ڈائٹ پلان تیار

صرف گوشت کی دو بوٹیاں کھانے تک محدود کردیا گیا ، چھٹیوں کے دوران بھی کھلاڑی اپنی ٹریننگ اور خوراک کے استعمال کا خیال رکھیں گے،ہیڈ کوچ خواجہ جنید

اتوار 11 ستمبر 2016 11:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2016ء) قومی سینئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ڈائٹ پلان کی وجہ سے عید الضحی پر صرف گوشت کی دو بوٹیاں کھانے تک محدود کردیا گیا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و کمانڈنٹ خواجہ جنید احمد نے چوتھی ایشین مینز چیمپئنزز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کیلئے لاہور میں لگائے گئے تربیتی کیمپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو عید کی چھٹیاں تو دیدی ہیں لیکن عید الضحی کے دوران کم گوشت کھانے کی بھی ہدایت کردی۔

خواجہ جنید نے بتایا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی عید کی چھٹیوں پر گھر چلے گئے ہیں لیکن وہ چھٹیوں کے دوران بھی ٹریننگ اور خوراک کے استعمال کا خیال رکھیں گے۔ زیادہ گوشت کھانے سے کھلاڑی کو پیاس زیادہ لگتی ہے جس سے ٹریننگ میں مسئلہ ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کھلاڑیوں کا پرفارمنس اور فٹنس بہتر بنانے کیلئے اپنی خوراک کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔

ہر کھلاڑی کو ڈائٹ پلان دیدیا گیا ہے اور وہ عید کی چھٹیوں میں بھی اس پر عمل کریں گے۔ خواجہ جنید نے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی عید کے بعد فائنل مرحلے کیلئے تربیتی کیمپ میں رپورٹ کریں گے تاہم کیمپ کے دوبارہ شروع ہونے کے بارے میں شیڈول کو حتمی شکل سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر سے ملاقات کے بعد دی جائے گی۔ کھلاڑیوں کے ساتھ وٹس اپ کے ذریعے رابطہ ہے اور انہیں جس معاملہ میں بھی مدد کی ضرورت ہوتی ہے اس کے بارے میں بتا دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں لگنے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی میں کافی بہتری آئی ہے کیمپ میں کھلاڑیوں کی کمزوریوں کو دور کرنے کیلئے نہ صرف تکنیک پر کام کیا گیا بلکہ ان کو ویڈیوز کے ذریعے ان کی کمزوریوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے کھلاڑیوں کی فزیکل ٹریننگ ، کو آرڈنیشن ، گول کیپر ٹریننگ، اور پریکٹس میچز پر بھی زور دیا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :