سکیورٹی اداروں کا ملک بھر میں بڑے پیمانے پر آپریشن،161 دہشت گرد گرفتار

فائرنگ کے تبادلے میں3دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا،12زخمی اسلام آباد سے 34 ، فیصل آباد سے 96،راجن پور سے 15، کوئٹہ 7 ،بنوں 6دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا حراست میں لئے گئے افراد بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور مذہبی لٹریچر بھی برآمد ہوا

اتوار 11 ستمبر 2016 11:44

اسلام آباد ،راجن پور،فیصل آباد، کوئٹہ، کراچی، بنوں(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11ستمبر۔2016ء) ملک بھر میں سکیورٹی اداروں نے کومبنگ و سرچ آپریشنز کے دوران161ملزمان کو گرفتارکرلیا ، فائرنگ کے تبادلے میں3دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا،12زخمی ہو گئے ، اسلام آباد سے 34 ، فیصل آباد سے 96،راجن پور سے 15، کوئٹہ 7 ،بنوں 6دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا ،حراست میں لئے گئے افراد بھاری مقدار میں اسلحہ ، گولہ بارود اور مذہبی لٹریچر بھی برآمد کرلیا گیا۔

خبر رساں ادارے کو ملک بھر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق رینجرز نے راجن پور کے علاقوں سالیگان گندھاری ، پٹرکری میں کالعدم جماعت بلوچ ری پبلکن آرمی کے فراریوں کے خلاف کارروائی کی جس اس دوران رینجرز کو ہیلی کاپٹر کی بھی مدد حاصل رہی ہے ۔

(جاری ہے)

رینجرز کی کارروائی کے دوران فراریوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے 10 فراریوں کو دھر لیا ، جائے وقوعہ سے اسلحہ اور گولہ بارودی برآمد کرلیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق دہشت گرد ونڈ پاور پراجیکٹ کو ہدف بنانا چاہتے تھے اور خفیہ اطلاعات پر ان کیخلاف آپریشن کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق رینجرز اور سکیورٹی ادارے عید الاضحی کے بعد بلوچستان سے فرار ہونیوالے دہشت گردوں چھوٹو گینگ کے بچے کھچے کارندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کریں گے ۔جن علاقوں میں آپریشن کیا جائے گا ان میں راجن پور ، رحیم یار خان ،بہاولپور سمیت دیگر چھوٹے بڑے علاقے شامل ہیں ۔

سی پی او فیصل آباد افضال کوثر کے مطابق ضلع بھر میں ایس پی صاحبان کی سربراہی میں کئی مقامات پر سرچ آپریشن کئے گئے اور 417 افراد کو بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے تصدیق کیا گیا۔ مشکوک سمجھے جانے والے 96 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ سی پی او فیصل آباد کے مطابق حراست میں لئے جانے والے افراد سے 13 پسٹل ، 8 پمپ ایکشن ، 9 کلاشنکوف اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

وفاقی پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشنز کے دوران بارہ افغانیوں سمیت 34 مشکوک افراد گرفتار کر لئے ، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد کیا گیا۔ایک اور کارروائی کے دوران گولڑہ ریلوے اسٹیشن، بنی چوک اور ملحقہ علاقوں سے دو افغانیوں سمیت چھ مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ملزمان کے قبضے سے دو پستول ، چرس اور ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں سے اکثریت کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھے جنہیں مزید پوچھ گچھ کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ کے حکام کے مطابق یہ کارروائی چاغی میں پاک افغان سرحدی علاقے میں کی گئی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ لوگ اس علاقے میں ایک کمپاوٴنڈ میں تھے جہاں حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشترکہ کاروائی کی۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ان افراد نے ہتھیار ڈال دیے۔ذرائع کے مطابق ان افراد کا تعلق کالعدم مذہبی شدت پسند تنظیم سے ہے اور ان سے لٹریچر اور دیگر تخریبی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ضلع چاغی کی شمال میں افغانستان جبکہ مغرب میں ایران سے سرحد لگتی ہے۔ اس سے قبل ضلع چاغی سے متصل ضلع نوشکی سے بھی سرکاری حکام نے ایک ایسی کارروائی میں چھ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے ان چھ افراد کی گرفتاری کے بعد ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ان افراد کا تعلق القاعدہ اور داعش سے تھا۔دوسری جانب کوئٹہ میں سرکاری حکام نے فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ تینوں افراد کی ہلاکت کا واقعہ سریاب کے علاقے قمبرانی میں پیش آیا۔کیچی بیگ پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ دہشت گردی کے مختلف واقعات میں ہلاک ہونے والے افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔

اہلکار نے بتایا کہ ان افراد کو کیچی بیگ کے علاقے میں دیگرملزمان کی نشاندہی کے لیے لے جایا گیا تھا جہاں ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔اہلکار کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں تینوں ملزمان ہلاک ہوگئے جن کو نشاندہی کے لیے لے جایا گیا تھا۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کر کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق کراچی گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 2 کلاشنکوف اور پستول برآمد ہوا۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملے میں ملوث ہیں۔ ملزم انورعرف موٹا ، عیبید اللہ اور مستلعین شاہ شامل ہیں۔ ملزمان جہادی تنظیموں کے لئے فنڈنگ بھی کرتے ہیں۔بنوں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں منڈان پولیس نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کے دوران 10اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ، جن کے قبضے سے چار کلاشنکوفیں ، پانچ بندوقیں ،18پستول اور 446کارتوس برآمد کرلیے۔