”سفارش نہ رشوت،میرٹ کا ثمر، کلرک کا بیٹا سکالرشپ پر کیمرج سے پی ایچ ڈی کیلئے منتخب

شہباز شریف ایک ویژنری لیڈر ہیں:طلباء و طالبات کا وزیر اعلی کو خراج تحسین وزیر اعلی پنجاب کے کام کرنے کی رفتار غیر معمولی ہے :چینی قونصل جنرل یوبورن

ہفتہ 10 ستمبر 2016 10:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2016ء )چیف منسٹرز چائینیز لینگویج سکالرشپ پروگرام کے تحت چینی زبان سیکھنے کیلئے بیجنگ اور شہبازشریف میرٹ سکالرشپ پروگرام کے تحت پی ایچ ڈی کیلئے بیرون ملک جانے والے طلباء و طالبات نے بھی تقریب سے خطاب کیا-سکالر شپ پر کیمرج یونیورسٹی جانے والے طالبعلم فرحان جاوید نے بتایا کہ میرا تعلق جہلم کے مڈل کلاس گھرانے سے ہے اور میرے والدڈی سی او آفس میں جونیئر کلرک ہیں- میں نے انتہائی مشکل حالات میں تعلیم حاصل کی اور مجھے بے پناہ خوشی ہے کہ وزیراعلی شہباز شریف نے مجھے اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لئے بہت بڑا موقع فراہم کیا ہے اوریہ انتخاب میرٹ پر ہوا ہے - بلا شبہ شہباز شریف ایک ویژنری لیڈر ہیں اور میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں - انشاء اللہ میں پی ایچ ڈی کر کے وطن واپس آؤں گا اور وطن کی خدمت کروں گا-چینی زبان سیکھنے کے لئے چین جانے والی طالبہ شہربانو نے کہا کہ میرا تعلق لاہور سے ہے اور میرا انتخاب تحریری امتحان کے بعد صرف اور صرف میرٹ پر ہوا ہے ، میری کوئی سفارش نہ تھی - میں شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے صوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے -چینی زبان سیکھنے کے لئے چین جانے والے طالبعلم اویس اکرم نے کہا کہ میری کوئی سفارش نہ تھی اور اس کے باوجود پنجاب حکومت نے میرٹ اور انتہائی شفاف طریقے سے میرا چین جانے کے لئے انتخاب کیا- یہ ایسا قدم ہے جس کے اثرات مستقبل پر پڑیں گے اور نئی نسل شہباز شریف کی ممنون رہے گی-چین کے قونصل جنرل یوبورن نے اپنے خطاب میں وزیر اعلی شہباز شریف کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے وزیر اعلی ویژنری لیڈر ہیں اور ان کے کام کرنے کی رفتار غیر معمولی ہے - یہ نہ صرف خود دن رات کام کرتے ہیں بلکہ دوسروں کیلئے بھی رول ماڈل ہیں -

متعلقہ عنوان :