چین اور امریکہ کی جانب سے شمالی کوریا کے ایٹمی تجربے کی بھرپور مذمت

شمالی کوریا کو اشتعال انگیزی کے خطرناک نتائج بھگتنے ہوں گے ، صدر باراک اوباما شمالی کوریا کوایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جو صورتحال کو مزید خراب کرے ، ترجمان چینی وزارت خارجہ

ہفتہ 10 ستمبر 2016 10:47

واشنگٹن، بیجنگ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2016ء ) شمالی کوریا کے دیرینہ حریف ملک امریکہ اور اتحادی ملک چین نے یک آواز ہوکر کمیونسٹ ریاست کے پانچویں ایٹمی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ امریکی صدر اوباما کو جو بیرونی ملک دورے پر ہیں ائرفورس ون میں دوران پرواز شمالی کوریا کے جوہری تجربے کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔

(جاری ہے)

وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری جوش ارنسٹ کے مطابق امریکہ کے قومی سلامتی کی مشیر سوسان رائس نے صدر اوباما کو شمالی کوریا کے ایٹمی تجربے کی وجہ سے محسوس ہونے والے ارضی ارتعاش کے بارے میں بریفنگ دی صدر اوبامہ نے اپنی عالمی اتادی ممالک بالخصوص امریکہ کے ایشیائی حلیف ملکوں کی سلامتی بارے امریکی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ شمالی کوریا کو کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کے خطرناک نتائج بھگتنے ہوں گے چین کی وزارت خارجہ نے بھی کمیونسٹ جمہوریہ شمالی کوریا کے پانچویں ایٹمی تجربے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کو کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کرنا چاہیے جو صورتحال کو مزید خراب کرسکتا ہے چینی وزارت خارجہ نے اپنے مختصر بیان میں کہا ہے کہ چین جزیرہ نما کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک رکھنے کیلئے چھ ملکی مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی حمایت جاری رکھے گا دریں اثناء جنوبی کوریا کے صدارتی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے جوہری تجربے کے بعد صدر باراک اوبامہ نے جنوبی کوریا کے صدر کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے بیان کے مطابق صدر اوبامہ نے جنوبی کوریا کو یقین دہانی کرائی کہ باہمی دفاعی معاہدے کے تحت واشنگٹن سیول حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا ۔